گھر سے آئی خاتون کی چیخیں اور قتل کی دھمکیاں، پولیس موقع پر پہنچی تو اصل منظر دیکھ کر دنگ رہ گئی

گھر سے آئی خاتون کی چیخیں اور قتل کی دھمکیاں، پولیس موقع پر پہنچی تو اصل منظر ...
گھر سے آئی خاتون کی چیخیں اور قتل کی دھمکیاں، پولیس موقع پر پہنچی تو اصل منظر دیکھ کر دنگ رہ گئی

  

سڈنی(مانیٹرنگ ڈیسک) ہمارے ہاں منچلے15پر کال کرکے پولیس سے مذاق تو کرتے ہی ہیں لیکن گزشتہ دنوں آسٹریلوی پولیس سے سچ مچ کا مذاق ہو گیا۔ ہوا یوں کہ سڈنی میں ایک گھر سے مرد اور خاتون کے لڑنے آوازیں آ رہی تھیں۔ مرد خاتون کو قتل کی دھمکیاں دے رہا تھا اور خاتون چیخ و پکار کر رہی تھی۔ ساتھ ہی کسی چیز سے کسی کو پیٹے جانے کی آوازیں بھی آ رہی تھیں۔ ہمسایوں نے سمجھا کہ شاید اس گھر کا مرد اپنی بیوی کو قتل کرنے جا رہا ہے۔ اسی شبے پر انہوں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ جلد ہی پولیس کی کئی گاڑیاں وہاں پہنچ گئی اور اہلکار بھاگم بھاگ اوپر بتائے گئے فلیٹ پر پہنچے اور دروازہ پیٹنا شروع کر دیا۔ اندر سے فوراً ہی ایک شخص نے دروازہ کھول دیا جو ہانپ رہا تھا جیسے کوئی مشقت کرکے آ رہا ہوں۔ اس کے بعد پولیس اور اس شخص کے درمیان جو مکالمہ ہوا ذرا ملاحظہ فرائیں۔

پولیس: تمہاری بیوی کہاں ہے؟

آدمی:مم مم ۔۔میری کوئی بیوی نہیں ہے۔

پولیس: تمہاری گرل فرینڈ کدھر ہے؟

آدمی:مم۔ میری کوئی گرل فرینڈ بھی نہیں۔

پولیس: ہمیں اس گھر میں خاتون پر تشدد کیے جانے کی اطلاع ملی ہے جو چیخ و پکار کر رہی تھی، وہ کہاں ہے؟

آدمی:مجھے نہیں معلوم آپ کس خاتون کے بارے میں بات کر رہے ہو، میں یہاں اکیلا رہتا ہوں۔

پولیس: لوگوں نے صاف سنا ہے کہ اس گھر میں کوئی مرد قتل کی دھمکیاں دے رہا تھا اور خاتون چیخ رہی تھی، پیٹے جانے کی آوازیں بھی آ رہی تھیں۔

آدمی پولیس اہلکاروں کی یہ بات سن کر ذرا جھینپ گیا۔

پولیس: جلدی بتاﺅ تم نے اس خاتون کے ساتھ کیا کیا ہے؟

آدمی(جھینپتے ہوئے):وہ خاتون نہیں مکڑی تھی۔

پولیس: ہم سمجھے نہیں؟

آدمی: وہ واقعی مکڑی تھی، بہت بڑی مکڑی۔

پولیس: اور وہ جو خاتون چیخ رہی تھی، اس کا کیا ہوا؟

آدمی: ہاں.... سوری.... وہ چیخیں میری ہی تھیں اور میں ہی مکڑی سے کہہ رہا تھا کہ میں تمہیں قتل کر دوں گا۔ میں اس لیے چیخ رہا تھا کہ مجھے مکڑیوں سے بہت ڈر لگتا ہے۔

پولیس اہلکاروں کو حقیقت جان کر جہاں حیرانی ہوئی وہیں ان کے لیے اپنی ہنسی پر قابو رکھنا بھی مشکل ہو گیا۔

مزید : ڈیلی بائیٹس