ملک کی پہلی پاکستان گرین بلڈ نمائش و کانفرنس ایکسپوسینٹر کالا ہور میں افتتاح

ملک کی پہلی پاکستان گرین بلڈ نمائش و کانفرنس ایکسپوسینٹر کالا ہور میں ...

لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر معدنیات و کان کنی پنجاب چوہدری شیر علی نے ملک کی پہلی پاکستان گرین بلڈ نمائش و کانفرنس ’پاکستان گرین بلڈ‘کا گزشتہ روز ایکسپو سینٹر میں افتتاح کر دیا۔ ماحول دوست اور توانائی بچانے والی جدید ٹیکنالوجیز اور مصنوعات کی یہ تین روزہ نمائش کل تک جاری رہے گی۔ نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شیر علی نے کہا کہ پنجاب حکومت کم لاگت ماحول دوست اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے بلڈنگ کنسٹرکشن انڈسٹری کے فروغ کے لئے نجی شعبے کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کا مقصد پاکستان کی تعمیراتی صنعت میں ارزاں، ماحول دوست سبز تصورات کے طرز عمل اور نئی جدتوں کو متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائش سے نہ صرف متعلقہ کاروباری حضرات ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں بلکہ تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت میں ماحول دوست ایجادات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعمیراتی صنعت کی پیدواری صلاحیت بڑھانے میں بھی بے حد مدد ملتی ہے۔چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ یہ نمائش تعمیراتی صنعت میں پیش آنے والے اہم چیلنجز اور مواقع کے بارے میں ایک دوسرے کے خیالات سے آگاہ ہونے کے لئے مثالی پلیٹ فارم ثابت ہو گی۔ نمائش میں چین، بھارت، اٹلی اور سری لنکا کے علاوہ پاکستان بھر سے کنسٹرکشن بلڈنگ انڈسٹری سے وابستہ کاروباری افراد اور ماہرین تعمیرات شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش میں پچاس سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے سو سے زائد سٹالز لگائے ہیں۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، پاکستان گرین بلڈنگ کونسل کے سربراہ عقرب علی رانا اور نیوکون انجینئرز کے مصطفیٰ خالد اور ابو ظفر محمود بھی موجود تھے۔ ابو ظفر محمود نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ یہ تین روزہ نمائش ملک میں سبز ٹیکنالوجیز کے فروغ میں نتہائی مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے جدید تصورات پر تبادلہ خیال کے لئے دو روز ہ کانفرنس بھی منعقد کی جا رہی ہے جس میں اعلی معیار کی تحقیق کے نتائج کی تازہ ترین تکنیکی معلومات کے باہمی تبادلے، عمارات اور تعمیراتی صنعت کے مستقبل کی ترجیحات کی تشکیل اور متعلقہ شعبے کے حوالے سے نئی پیش رفت پر اظہار خیال کیا جائے گا۔ پاکستان گرین بلڈ نمائش کا مقصد آرکیٹک، بلڈرز اور تعمرات کے شعبے کو مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی ماحول دوست مصنوعات سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔

مزید : کامرس