محکمہ ماحولیات کو ڈینگی مہم موچر بنانے کیلئے اضافی وسائل فراہم کرنیکا فیصلہ

محکمہ ماحولیات کو ڈینگی مہم موچر بنانے کیلئے اضافی وسائل فراہم کرنیکا فیصلہ

 لاہور(نمائندہ خصوصی)سیکرٹری ہیلتھ پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈینگی سرویلنس کو مزید موثر بنانے کے لئے محکمہ ماحولیات کو اضافی وسائل فراہم کئے جائیں گے اور خصوصی طور پر راولپنڈی ،فیصل آباد،ملتان اور شیخوپورہ کے اضلاع میں محکمہ ماحولیات کے فیلڈ سٹاف میں اضافہ کیا جائے گایہ اسٹاف ڈینگی سرویلنس کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے بھی فرائض سر انجام دے گا ۔انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں ڈینگی کے خلاف مہم کو مزید موثر بنانے کے سلسلے میں اعلی سطحی اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ گلزار حسین شاہ،ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات جاوید اقبال،ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نجیب اسلم،ڈپٹی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر نور العین ،ڈپٹی سیکرٹری بجٹ اینڈ اکاؤنٹس سرفراز احمد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈی جی ماحولیات نے بتایا کہ ان کے محکمہ کے ذمے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں ٹائر شاپس ، کباڑخانوں ،نرسریوں اور گوداموں کی سرویلنس کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس کے لئے ضلع کی سطح پر محکمہ ماحولیات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تا کہ زیادہ موثر انداز میں ڈینگی سرویلنس کی جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ ماحولیات کے ضلعی سیٹ اپ کو مزید مضبو ط کیاجائے گا اور خصوصا راولپنڈی،فیصل آباد،شیخوپورہ اور ملتان میں اضافی عملہ جس میں ڈسٹرکٹ آفیسر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات اور دیگر اسٹاف کی آسامیاں پیدا کی جائیں گی اور ضلع کی سطح پر ایک ایک گاڑی بھی سرویلنس کے لئے مہیا کی جائے گی ۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ مذکورہ اضافی عملہ ڈینگی سرویلنس کے علاوہ ماحولیات کے تحفظ کے اقدامات میں بھی فرائض سرانجام دے گا۔جواد رفیق ملک نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں فوری طور پر ایک سمری تیار کر کے پیش کی جائے تا کہ محکمہ خزانہ اور دیگر متعلقہ ادارو ں سے اس کی منظوری لی جا سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1