ایل ڈی اے قصور ، شیخوپورہ اور ننکانہ میں نئی رہائشی سکیمیں بنائیگی

ایل ڈی اے قصور ، شیخوپورہ اور ننکانہ میں نئی رہائشی سکیمیں بنائیگی

 لاہور(اقبال بھٹی)لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی نے قصور،شیخوپور ہ اور ننکانہ صاحب میں رہائشی سکیمیں بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ابتدائی طور پر تینوں اضلاع میں ایک ایک سکیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اگر کامیابی ملی تو مزید سکیمیں بنائی جائیں گی،تفصیلات کیمطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی حدود میں اضافہ ہونے سے ضلع قصور،شیخوپور ہ اور ننکانہ صاحب بھی ایل ڈی اے کی حدود میں آگئے ہیں اوران شہروں کے رہائشیوں کی خواہش تھی کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ان شہروں میں بھی اپنی رہائشی سکیمیں بنائے ،ان خواہشات کو سامنے رکھتے ہوئے ایل ڈی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ قصور ،ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ میں رہائشی سکیمیں بنائی جائیں گی جس کیلئے ابتدائی طور پر ایل ڈی اے نے ایل اے سی کو ہدایت کر دی ہے کہ ان شہروں میں اچھی لوکیشن دیکھیں اور یہ بھی دیکھا جائے کہ 3سے4ہزار کنال اکٹھی اراضی میسر ہو ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ابھی تک اتھارٹی نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ ان سکیموں میں الاٹمنٹ کی جائے گی یا ایگزمپشن دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سروے کے اعداد و شمار کے مطابق لوگوں نے زیادہ تر یہ خواہش کی ہے کہ ان سکیموں میں ایگزمپشن دی جائے۔اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق کہ اگر سکیموں میں ایگزمپشن دی جاتی ہے تو پھر بھی بوگس سکیمیں بنا دی جاتی ہیں جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور اگر پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی جائے تو پھر بھی مالکان سے ریٹ کا مسئلہ پیدا ہو جاتا ہے جبکہ تیسری آپشن ایل ڈی اے سٹی کی طرز پر زیر غور ہے جس میں ڈویلپرز کے ذریعے زمیں خرید ی جا ئے اور ڈویلپرز ہی مالکان سے ریٹ طے کریں جبکہ مالکان کا ایل ڈی سے تعلق نہیں ہو گا،یہ تینوں آپشنز زیر غور ہیں جس پر اتھارٹی نے کسی ایک کا فیصلہ کرنا ہے اس کے بعد تینوں شہروں میں کام شروع کر دیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1