حکمران نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں ناکام ہو گئے ، قاری محمد زوار بہادر

حکمران نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں ناکام ہو گئے ، قاری محمد زوار بہادر

لاہور(نمائندہ خصوصی )جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران سابقہ ادوار کا تسلسل ہیں جس میں غریب غریب تر اور حکمران قومی خزانے اور غریب عوام کا گلا گھونٹ کر عیاشیاں میں مصروف ہیں حکمران ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔جب تک ملک میں نظام مصطفےٰﷺ کا نفاذ نہیں ہوتاہماری مشکلات کم نہیں ہونگی آج بحیثیت قوم ہم نے اللہ اوراس کے رسول سے کیے ہوئے وعدے کو بھلادیا ہے جس کی وجہ سے آج ملک ا ور قوم دہشت گردی ،مہنگائی ،قتل و غارت ،بدامنی، لوٹ کھسوٹ اور اشیائے خوردونوش کی کمی کا شکار ہے یہ سب کچھ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے نظام سے بے وفائی اور احکامات سے روگرانی کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان کا دامن ہر طرح کی برائی اور لوٹ کھسوٹ سے پاک ہے ہمارے بزرگوں نے اس ملک کے لئے جو بے پناہ قربانیاں دیں اور وطن عزیز میں سیاسی استحکام کے لئے جو خدمات سرانجام دیں وہ پوری قوم کے لئے مشعل راہ ہیں ۔

جمعیت علماء پاکستان آج بھی اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں مقام مصطفےٰﷺ کے تحفظ اور نظام مصطفےٰﷺ کے نفاذ کے لئے جدوجہد کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے علماء کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔قاری زوار بہادر نے مزیدکہا کہ علماء و مشائخ آستانوں اور خانقاہوں سے باہر نکل کر ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اگر علماء اپنی تاریخ دہراتے ہوئے اپنے خطبات میں عوام الناس کو نظام مصطفی ﷺ کی برکات سے آگاہ کریں تو یہ ملک پوری دنیا کے لیے ایک مثالی ریاست بن سکتا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1