انگلینڈ میں اسٹیج ڈرامہ ’’ رولا سیاست دا ‘‘ میں فنکاروں کی شاندار پرفارمنس
لاہور ( این این آئی) اداکارہ زارا اکبر ، صوبیہ خان ، سخاوت ناز اور ناصر چینوٹی کی انگلینڈ میں اسٹیج ڈرامہ ’’ رولا سیاست دا ‘‘ میں شاندار پرفارمنس ، اب تک ہونیوالے چار شوز مکمل ہاؤس پیک رہے ۔ گزشتہ روز انگلینڈ سے اداکارہ زارا اکبر نے ٹیلیفون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انگلینڈ میں ہمارے شو میں توقع سے بڑھ کر کامیابی ملی ہے ، خاص طور پر یہاں بسنے والے پاکستانی اور بھارتی سکھوں کی بڑی تعداد ہمارے ڈراموں کے شو دیکھنے کے لئے آئی اور انہوں نے ڈرامے میں شامل اداکاروں کو عمدہ پرفارمنس پر بھرپور داد دی جن میں صوبیہ خان ، سخاوت ناز ، ناصر چینوٹی ، علیشا شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ آنے کے بعد لاہور کی یاد بڑی آتی ہے ۔ یہاں کا موسم انتہائی سرد ہے جس کی وجہ سے مجھے نزلہ اور زکام کی بھی شکایت ہو گئی ہے ۔ مزید چند روز تک انگلینڈ میں پرفارم کرنے کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے۔