فنکار فنڈ سے منا لاہوری المعروف زکوٹا کے لئے دولاکھ کا امدادی چیک
لاہور (فلم رپورٹر) بچوں میں مقبول اداکار منا لاہوری (زکوٹا جن)، جو کافی عرصے سے فالج کے مرض میں مبتلا ہیں، کو فنکار فنڈ کی ممبر، پنجاب آرٹس کونسل کی بورڈ آف گورنرز کی ڈائریکٹر اور ایم پی اے کنول نعمان نے ڈائریکٹر پِلاک ڈاکٹر صغرا صدف کے آفس میں حکومتِ پنجاب کی طرف سے 2 لاکھ روپے کا چیک دیا اور کہا کہ میاں شہباز شریف کی حکومت نے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے پہلے ہی فنڈ قائم کر رکھا ہے جس کے مطابق فنکاروں کو ماہانہ وظیفہ ملتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی حوالے سے ضرورت مند اور بیمار فنکاروں کو یکمشت ادائیگی کی صورت میں مالی معاونت کی جاتی ہے۔ منا لاہوری (زکوٹا جن) نے اس موقع پر کنول نعمان ایم پی اے، حکومت پنجاب اور خصوصاً وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے جذبے کو بہت سراہا۔