الیکشن کمیشن نے عمران خان کے جلسے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قراردیدیا
اسلام آباد (آئی این پی)الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے جلسے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قراردے کر نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق 19اکتوبر کو جاری کیا جا چکا ہے، ضابطہ اخلاق کے تحت وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جلسے یا جلوس کی اجازت نہیں دی جا سکتی،بلدیاتی انتخاب میں امید وار صرف کارنر میٹنگ کر سکتے ہیں اس کیلئے بھی مقامی انتظامیہ سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق جمعہ کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے ترامڑی چوک میں ہونے والے جلسے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کا نوٹس لے لیا ہے ۔الیکشن کمیشن حکام کے حکام نے کہا کہ ضابطہ اخلاق 19اکتوبر کو جاری کیا جا چکا ہے،ضابطہ اخلاق کے تحت بلدیاتی انتخابات کیلئے وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی جگہ پر جلسے کرنے یا جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ وزیر اعظم، وزراء، ارکان پارلیمنٹ انتخابی مہم میں بلا واسطہ یا بالواسطہ حصہ نہیں لے سکتے ۔