ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے مشکل ترین فیصلے کئے ،اسحاق ڈار

ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے مشکل ترین فیصلے کئے ،اسحاق ڈار

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے مشکل ترین فیصلے کئے‘ حکومت غربت کی لائن سے نیچے بسر کرنے والوں کو بہتر زندگی دینے پر توجہ دے رہی ہے‘ ماضی میں بجٹ پر وزیراعظم کو 42 فیصد اختیارات ہوتے تھے‘ وزیراعظم نواز شریف نے بجٹ پر اپنے اختیارات زیرو کردیئے‘ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عالمی ادارے دوبارہ پاکستان کا رخ کررہے ہیں‘ ملک کو دیوالیہ قرار دینے والوں کو دفن کردیا‘ زرمبادلہ کے ذخائر 20ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں‘ ملک سے اندھیرے دور کرکے معاشی طور پر مضبوط بنائینگے‘ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اپنے آخری مراحل میں ہے‘ دہشت گردی کے جلد خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ وہ جمعہ کو پاکستان بیت المال اور یونیورسل سروس فنڈ کے درمیان سمجھوتے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں پاکستان بیت المال اور یونیورسل سروس فنڈ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ معاہدے کے تحت یونیورسل فنڈ اور مائیکرو سافٹ بیت المال کے پچاس سنٹروں میں آئی ٹی لیب قائم کرے گی جس کے تحت بیت المال سنٹرز میں لڑکیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرسکیں گی۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی بہبود کے لئے سمجھوتے پر وزیر مملکت آئی ٹی مبارکباد کی مستحق ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے یہ منصوبہ شاندار آغاز ہے‘ منصوبہ قوم سازی کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔ گرتی ہوئی معیشت کو سنبھالنا ہمارے لئے پہلا چیلنج تھا ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے مشکل ترین فیصلے کئے‘ غربت کی لائن سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگوں کو بہتر زندگی دینے پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیراعظم کو بجٹ پر 42 فیصد اختیارات حاصل ہوتے تھے لیکن وزیراعظم نواز شریف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد بجٹ پر اپنے اختیارات زیرو کردیئے۔ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عالمی ادارے دوبارہ پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لئے انکم سپورٹ پروگرام مسلم لیگ (ن) نے ہی شروع کیا تھا مسلم لیگ (ن) نے 1992ء میں بیت المال کا آغاز کیا تھا ہم غریب نوجوانوں کو مالی معاونت فراہم کرکے کوئی احسان نہیں کررہے۔ نوجوان ملک کا مستقبل اور اثاثہ ہیں۔ حکومت ہر وہ قدم اٹھا رہی ہے جو ملک و قوم کے لئے بہتر ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو خودمختار اور مستحکم ملک دیکھنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ قرار دینے والوں کو دفن کردیا ہے۔ وزیراعظم نے معاشی اور دہشت گردی کے چیلنجز کو خندہ پیشانی سے قبول کیا اور اب زرمبادلہ کے ذخائر بیس ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جن میں آئندہ مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے اندھیرے دور کریں گے اور معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔ حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اپنے آخری مراحل میں ہے۔ دہشت گردی کے مرض کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو پوری دنیا تسلیم کررہی ہے حکومت وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پچیس ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ حکومت بجلی منصوبوں میں مستقبل کی ضرورت کو بھی مدنظر رکھ رہی ہے مصمم ارادے سے پاکستان کو نئی بلندیوں تک پہنچانا مشکل نہیں ہے۔

مزید : صفحہ اول