سکھ اور مسلمان دو توحید پرست قومیں ہیں،گورنر رفیق رجوانہ

سکھ اور مسلمان دو توحید پرست قومیں ہیں،گورنر رفیق رجوانہ

لاہور(کامرس رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سکھ قوم جتنا پیا ر پاکستان اور پاکستانیوں سے کرتی ہے اتنا کسی اور ملک یا لوگوں سے نہیں کرتی اور پاکستانی مسلمان بھی سکھ قوم سے خوب میل جو ل رکھتے ہیں ، سکھ اور مسلمان دو توحید پرست قومیں ہیں جواس دھرتی کے ماتھے کا اصل جھومر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم کے زیر اہتمام گورنر ہاؤ س میں منعقد ہ گورونانک بانی توحید تے پریم دی نشانی کے موضوع پر منعقدہ سینمار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بابا گورونانک کا ہمارے بزرگان دین کیساتھ پیار محبت کا لازوال رشتہ کبھی ختم نہیں ہو گا۔ گورونانک صاحب کا افاقی پیغام انکی شناخت ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین محمد صدیق الفاورق نے کہا کہ بابا گورونانک جی کو مسلمان قوم کی طرف سے بہت احترام دیا جاتا ہے اور انہیں ایک صوفی کا درجہ حاصل ہے ۔ بابا نانک جی کا کلام انسان دوستی، توحید اور امن و آشتی کا درس دیتا ہے ۔بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار گورو بچن سنگھ چیمہ اور سردار گورو میت سنگھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہیں اپنے گوروں کی دھرتی سے بہت پیار ہے اور گوردواروں کی تعمیر و ترقی دیکھ کر ہم اپنی خوشی لفظوں میں بیان نہیں کر سکتے ۔ ہم سیکورٹی سمیت دیگر اعلیٰ انتظامات پر حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق کے بے حد شکر گزار ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر