مالاکنڈ میں چھپے خزانوں کی تلاش اور استعمال کیلئے 10سالہ پلان بنایا گیا ہے ، عنایت اللہ
پشاور(پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے دیر بالا و پائیں سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں چھپے معدنی اور آبی خزانوں کی تلاش اور استفادے کیلئے دس سالہ ہمہ گیر پلان بنایا ہے یہاں 30ہزار میگا واٹ پن بجلی کے علاوہ ابتدائی سیٹلائٹ سروے میں مختلف مقامات پر سونے، چاندی ، تانبے، زمرد، جپسم، کرومائٹ، ماربل اور دیگر قیمتی معدنیات کے وسیع ذخائر کی نشاندہی ہوچکی ہے جس سے جدید سائنسی بنیادوں پر استفادہ ہو گا جبکہ یہاں جنگلات اور زراعت کا فروغ بھی پلان کا حصہ ہے انہوں نے سرکاری افسران اور مقامی باشندگان پر زور دیا کہ ان بیش بہا وسائل کو بروئے کار لانے میں ہمارے ساتھ پورا تعاون کریں تاکہ ہم قومی خوشحالی کی منزل جلد حاصل کر سکیں وہ لوکل گورننس سکول حیات آباد پشاور میں دیر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (دعا) کی رسم تاسیس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے جس سے صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ، ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محب اللہ، نومنتخب صدر انجینئر قاضی محمد نعیم، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر الیاس سید، سبکدوش صدر ڈاکٹر شمس الحق اور دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر حاجی محمد سعید نے بھی خطاب کیا اور مختلف شعبوں میں مخلصانہ خدمات انجام دینے اور قومی تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں رہنے پر تنظیم کے انجینئرز، ڈاکٹروں، صحافیوں، شعراء، اساتذہ ، محنت کشوں، سرکاری افسران اور سیاستدانوں کے کردار پر روشنی ڈالی عنایت اللہ نے اعتراف کیا کہ اہلیان دیر نے سیاست، حکومت اور صنعت و تجارت سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے انہوں نے صوبے اورعوام کی بے لوث خدمت پر ایسوسی ایشن میں شامل افسران کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ نہ صرف صوبے کے چپے چپے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے پوری تندہی سے کوششیں جاری رکھیں گے بلکہ نادار طلبہ اور ضرورتمندوں کی مدد کا مشن بھی جاری رکھیں گے انہوں نے یقین دلایا کہ دیر کے دونوں اضلاع کو ماڈل بنانے، انکی ہمہ گیر ترقی اور یہاں کی پسماندگی دور کرکے قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے بھی ٹھوس منصوبہ بندی کی گئی ہے قبل ازیں انہوں نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا جن میں صدر قاضی محمدنعیم، نائب صدر سید ہدایت جان، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر الیاس سید، جائنٹ سیکرٹری رشید خان پائندہ خیل، فنانس سیکرٹری پروفیسر عزیزالدین، پریس سیکرٹری سید خالد حسین جان، جائنٹ سیکرٹری فلک ناز خان، ارکان مجلس عاملہ مبارک زیب خان، ڈاکٹر زاہد شاہ اور شریف احمد شامل تھے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے تقریب میں شامل دونوں ہاتھوں سے معذور ایک تعلیم یافتہ نوجوان قادر محمد کی مالی مدد اور سرپرستی کا اعلان کیا جو پاؤں سے لکھنے کے باوجود اردو اور انگریزی کا بہترین خوشنویس ہے انہوں نے دیر ویلفئیر آرگنائزیشن کی طرف سے زلزلہ متاثرین کی مالی مدد اور شہر میں مختلف فلاحی سکیموں کیلئے چندہ مہم اپنی زیر سرپرستی چلانے کا اعلان بھی کیا۔