نصرت بھٹو کالونی،رینجرز کا سرچ آپریشن ،8افراد زیر حراست

نصرت بھٹو کالونی،رینجرز کا سرچ آپریشن ،8افراد زیر حراست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے نصرت بھٹو کالونی اور مچھر کالونی میں رینجرز اور پولیس کا سرچ آپریشن،8 مشتبہ افراد زیر حراست، تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح رینجرز اور پولیس نے کراچی کے علاقے نصرت بھٹو کالونی اور مچھر کالونی میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا۔ رینجرز اور پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے گھر گھر جا کر تلاشی کے دوران 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار افراد میں منشیات فروش اور کالعدم جماعت کے کارندے شامل ہیں۔ جبکہ منشیات فروشوں کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔ رینجرز اور پولیس نے منشیات فروشوں کے اڈوں کو مسمار کر کے آگ لگا دی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر