ضلع رحیم یار خان میں مسلم لیگ ن کا مقابلہ کرنا پی پی پی اور پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں ہے، خسروبختیار ، فیاض الدین
رحیم یارخان (بیورو نیوز)بلدیاتی انتخابات میں ضلع رحیم یارخان کے اندر مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے بس کی بات نہیں‘ ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں میں(بقیہ نمبر36صفحہ7پر )
پی ٹی آئی کی تو ابھی تک ’’پچ‘‘ ہی تیار نہیں ہوئی‘ ان کے پاس قیادت ہے نہ امیدوار‘ دوسری جانب بلند وبانگ دعوے کرنے والی پیپلزپارٹی 5دسمبر کو یونین کونسل کی 139 میں سے 30سے 35نشستیں بھی لے پائی تو بڑی بات ہوگی۔ ضلع کونسل کے چیئرمین کے معاملے پر ضلع بھر میں لیگی قیادت کے درمیان ہرگز اختلاف نہیں بلکہ مکمل ہم آہنگی ہے‘ البتہ پارٹی ڈسپلن کے تحت ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی نامزدگیوں کا اختیار پارٹی قیادت کے پاس ہے اور قیادت کا فیصلہ سب کیلئے قابل قبول ہوگا۔ ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی مخدوم خسرو بختیار‘ شیخ فیاض الدین‘ اراکین پنجاب اسمبلی رئیس محبوب احمد‘ محمد عمر جعفر‘ سابق ایم پی اے سردار اظہر خان لغاری اور دیگر رہنماؤں نے مقامی ہوٹل میں پرہجوم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ بلدیاتی سیاست کے حوالے سے ضلع میں ن لیگ کے اکابرین کی سوچ مثبت اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ہے۔ لیکن پیپلزپارٹی نے الیکشن میں امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دے کر ہمارے اور اپنے درمیان دیواریں کھڑی کردی ہیں ‘ اب فیصلہ ووٹ کی پرچی سے ہوگا اور ہم پورے وثوق اور یقین سے کہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) اور اس کے حمایت یافتہ امیدوار ضلع کونسل کے الیکشن میں باآسانی سینچری مکمل کریں گے۔ انہوں نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں مخدوم سیداحمد محمود کی جانب سے لیگی ایم این ایز پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں اور دھاندلیوں کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے من گھڑت اور سفید جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ الزام تراشی کرنے والوں نے اصل دھاندلی کی بنیاد حلقہ بندیوں کے موقع پر خود رکھی۔ شیخ فیاض الدین‘ سردار اظہر لغاری‘ رئیس محبوب احمد اور محمدعمر جعفر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر جنوبی پنجاب کو نظرانداز کرنے کے الزام لگانے والوں کو تعصب اور مخالفت برائے مخالفت کی عینکیں اتار کر پورے وسیب میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں پر نگاہ ڈالنی چاہئے۔پریس کانفرنس میں ایم این اے میاں امتیازاحمد کے بھائی حاجی محمدابراہیم‘ صادق آباد کے سابق تحصیل ناظم میاں بشیراحمد‘ چوہدری محمدیٰسین اور رانا ضیاء الدین بھی موجود تھے۔