ڈیرہ، بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام سراپا احتجاج

ڈیرہ، بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام سراپا احتجاج

ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ)بجلی کے مندھراں اور صدرفیڈرز پر 16سے20گھنٹے کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف اہل علاقہ کی تھویا فاضل سے جی پی او چوک تک احتجاجی ریلی ‘واپٖڈا اور ایکسین پیسکو ررورل کیخلاف زبردست نعرے بازی‘ پولیس کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پیسکو واپڈا کی جانب سے مندھراں اور صدر فیڈرز پر 16سے 20گھنٹے کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف اہل علاقہ نے تھویا فاضل سے احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت تحصیل کونسل ممبر ملک انوار میکن، ناظم وارڈ یونس وزیر‘ کونسلر عدیل کنجال، کونسلر عارف میکن، امجد بلوچ، عارف بلوچ و دیگر نے کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں واپڈا کیخلاف کتبے اٹھا رکھے تھے جبکہ انہوں نے واپڈا اور ایکسین ررول شوکت اللہ کیخلاف زبردست نعرے بازی کی۔ ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جی پی او چوک پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ممبر تحصیل کونسل ملک انوار میکن و دیگر نے کہا کہ واپڈا نے ہم پر لوڈ شیڈنگ کی شکل میں عذاب نازل کر رکھا ہے، ہمارے علاقے میں فوری طور پر لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا جائے ورنہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرینگے اور اسکی تمام تر ذمہ داری واپڈا حکام پر عائد ہوگی۔ بعد ازاں ایس ایچ او کینٹ ثناء اللہ خان مروت نے مظاہرین سے مذاکرات کر کے ان کے احتجاج کو ختم کرایا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر