وزیراعظم نے نئے ڈی جی سول ایوی ایشن کیلئے عاصم سلیمان کی تقرری کی منظوری دیدی
لاہور (آن لائن) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نئے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی عاصم سلیمان کی تقرری کی منظوری دے دی اگرچہ مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم نے امجد طور کو میرٹ سے ہٹ کر اسی آسامی پر تعینات کرنے کی کوشش کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نام نہ بتانے کی شرط پر فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے انٹرویو کے بعد وزیراعظم کو حتمی انتخاب کیلئے فہرست بھجوائی گئی تھی تاہم آخری وقت پر وزیراعظم نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ چاروں امیدواروں کے غیر جانبدارانہ اور شفاف انٹرویو کریں اور میرٹ کے مطابق کسی ایک کی تعیناتی کریں۔ ان چار امیدواروں میں ائیر مارشل جمشید‘ ائیر مارشل سلیمان‘ امجد علی طور اور ائیر کموڈور ضیاء شامل تھے۔