وزارت قومی صحت اور سٹیٹ لائف کے درمیان خدمات کی فراہمی کے کنٹرکٹ پر دستخط

وزارت قومی صحت اور سٹیٹ لائف کے درمیان خدمات کی فراہمی کے کنٹرکٹ پر دستخط

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد میں ایک اعلی سطحی تقریب کے دوران وزار ت قومی صحت اور سٹیٹ لائف کارپوریشن کے درمیان معاہدہ پر دستخط کیے گئے۔ وزارت قومی صحت کی طرف سے سیکرٹری وزارت قومی صحت محمد ایوب شیخ نے دستخط کئے۔ جبکہ سٹیٹ لائف کی طرف سے نرگس گھلو، چےئرپرسن نے دستخط کئے۔ اس موقع پر وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارر بھی موجود تھیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ یہ ایک تاریخ ساز دن ہے۔ جب ہم عوام سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ لائف کارپوریشن کا ایک انتہائی شفاف طریقہ کار کے تحت وزیر اعظم کے قومی پروگرام ہیلتھ انشورنس کے تحت خدمات فراہم کرنے کے لیے انتخاب کیا گیا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت غریب عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم ہو سکیں گی اور ملک میں پہلی بار ایک انقلابی پروگرام کے تحت یہ تمام تر سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ابتدائی طورپر یہ سہولیات 23 اضلاع میں تقریبا 31 لاکھ خاندانوں کو فراہم کی جا رہی ہیں اور جلد ہی ان سہولیات کا جال ملک کے کونے کونے ، چپے چپے میں پھیلا دیا جائے گا۔ واضع رہے کہ یہی اصل تبدیلی ہے جس کا عوام سے مسلم لیگ کے منشور میں وعدہ کیا گیا تھا ۔ آج وہ وعدہ عملی طور پر پورا کیا جا رہا ہے۔

مزید : ملتان صفحہ اول