پاکستان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بھی ہار گیا،انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کر لی

پاکستان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بھی ہار گیا،انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کر لی

دبئی (خصوصی رپورٹ) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور رفعت اللہ مہمند نے پْراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے پاکستان کو پچاس رنز تک پہنچایا تاہم آگے بڑھ کر کھیلنے کی کوشش میں احمد شہزاد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ پیری کی گیند پر وکٹ کیپر بٹلر نے ان کو سٹمپ کیا۔ احمد شہزاد نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ میچ کے نویں اوور میں رفعت اللہ نے بھی آگے نکل کر کھیلنے کی غلطی دہرائی اور سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ رفعت اللہ مہمند نے تین چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔ میچ کے بارہویں اوور میں پاکستان کو محمد حفیظ کی صورت میں تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جو 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ پلنکٹ کی گیند پر ویلی نے ان کا کیچ لیا۔ اس وقت پاکستان کا سکور 90 رنز تھا۔ کپتان شاہد آفریدی نے آتے ہی جارحانہ بیٹنگ شروع کر دی اور ایک ہی اوور میں تین چھکے مار کر میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں کر دیا تاہم اٹھارہویں اوور کی آخری گیند پر آفریدی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے صرف 8 گیندوں پر 24 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس کے بعد پاکستان کا سکور 162 رنز پر پہنچا تھا کہ سرفراز احمد دھوکا دے گئے اور غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ سرفراز احمد نے 20 رنز بنائے۔ میچ کے آخری اوور کی آخری گیند پر پاکستان کو جیت کیلئے چار رنز درکار تھے لیکن انور علی گیند کو مکمل مس کر گئے۔ یوں انگلینڈ نے یہ میچ تین رنز سے جیت کر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ انگلینڈ کی جانب سے پلنکٹ نے 3، عادل رشید اور عادل رشید نے 2، 2 جبکہ ایس ڈی پیری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے 3، انور علی 2 جبکہ سہیل تنویر، وہاب ریاض اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ انگلش بلے بازوں نے مقررہ بیس اوورز میں پاکستان کو جیت کیلئے 173 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ خیال رہے کہ دبئی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 161 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم 146 رنز ہی بنا سکی تھی۔

مزید : ملتان صفحہ اول