سعودی تاریخ کی پہلی بار خواتین انتخابی مہم میں شریک، 900خواتین امیدوار میدان میں ،بلدیاتی انتخابات 12دسمبر کو ہوںگے
ریاض(صباح نیوز)سعودی عرب جہاں خواتین کے گاڑی چلانے پر بھی پابندی ہے اور وہ متعدد دیگر سماجی مسائل سے بھی دوچار ہیں، پہلی مرتبہ انتخابی مہم کا آغازاتوار سےکر رہی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مردوں کے برتری والے سعودی معاشرے میں انتخابات میں خواتین کی شمولیت کو عوامی سطح پر بہتر نمائندگی کے سمت میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں تقریباً 900خواتین امیدوار شرکت کررہی ہیں جبکہ یہ بھی پہلا موقع ہے کہ خواتین ووٹرز اس سلسلے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گی۔سعودی عرب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد 12دسمبر کو ہو رہا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ سعودی کابینہ میں کوئی خاتون شامل نہیں اور یہ دنیا کا واحد ملک ہے جہاں خواتین کو ڈرائیونگ تک کی اجازت نہیں۔ اس کے علاوہ انھیں سفر، کام یا شادی کے لیے بھی اپنے اہلخانہ سے اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔