قطر سے ایل این جی گیس کے معاہدے پر پیپرا اور حکومت میں کوئی اختلاف نہیں: شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قطر سے ایل این جی گیس کے معاہدے پر پیپرا اور حکومت میں کوئی اختلاف نہیں،ہم نے قطر کی ایل این جی آپریٹو کمپنی سے گیس کا معاہدہ کیا ہے، اس کمپنی میں قطر حکومت کا 70فیصد شیئر ہے، ابھی تک ہمارا معاہدہ فائنل نہیں ہوا، ایک دو ای سی سی کی میٹنگز اور ہوں گی تو قطر سے گیس کے معاہدے کا معاملہ فائنل ہو جائے گا۔ وہ جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پیپرا نے بھی قطر سے ایل این جی کا معاہدہ قبول کیا ہے، اس معاہدے پر پیپرا کا حکومت سے کوئی اختلاف نہیں ہے،ہماری ای سی سی میٹنگ ہوئی ہے، جس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ ہر معاہدے پر اچھی طرح سے ہر پہلو کا جائزہ لیا جا سکے، ای سی سی کے 24ممبر ہوتے ہیں، سب لوگ مل کر ہر معاہدے کے مختلف پہلوﺅں کا جائزہ لیتے ہیں تا کہ اس میں خامیوں کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان معاہدہ مارچ 2015ءتک موثر ہے،ہم نے اپنی طرف سے پی ایس او کمپنی کو منتخب کیا ہے، جس میں حکومت کے پچاس فیصد شیئرز ہیں جبکہ باقی پرائیویٹ ہیں، قطر نے اپنی حکومت کی طرف سے ایل این جی آپریٹو کمپنی کو منتخب کرادیا ہے، اس کمپنی میں قطر گورنمنٹ کے 70فیصد شیئرز ہیں، پروگرام کی شفافیت میں کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک ہمارا معاہدہ فائنل نہیں ہوا، ایک دو ای سی سی کی میٹنگز اور ہوں گی تو قطر سے گیس کے معاہدے کا معاملہ فائنل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ای سی سی کے تمام ارکان معاہدے سے متفق ہوں گے تو ہی معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔