ممتاز قادری کی خود کشی کی دھمکی کارگر، ایک گھنٹہ اہل خانہ سے ملاقات

ممتاز قادری کی خود کشی کی دھمکی کارگر، ایک گھنٹہ اہل خانہ سے ملاقات
ممتاز قادری کی خود کشی کی دھمکی کارگر، ایک گھنٹہ اہل خانہ سے ملاقات

  

راولپنڈی (این این آئی) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری نے اپنے اہل خانہ سے پہلے کی طرح نہ ملوائے جانے پر خود کشی کی دھمکی دے دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے منتظر قادری کی سزا کو سپریم کورٹ نے برقرار رکھا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ممتاز قادری کی ان کے اہلخانہ سے ملاقات کے مقام کو تبدیل کردیا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے بعد ممتاز قادری کو سیکیورٹی وجوہات اور خطرناک قیدی ہونے کی وجہ سے اپنے اہلخانہ سے صرف ’لوہے کی باڑ‘ کے پیچھے سے ملنے کی اجازت ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق ممتاز قادری نے اہلخانہ سے ملاقات کے حوالے سے نئے قوانین کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اس کے خلاف احتجاجاً خود کشی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو اس کی ذمہ دار جیل انتظامیہ ہوگی۔ حکام کے مطابق اس دھمکی کے بعد جیل انتظامیہ نے ممتاز قادری کو ان کی مرضی کے مطابق اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ ممتاز قادری نے اپنے والد، بھائیا ور دیگر اہلخانہ سے تقریباً ایک گھنٹے تک ملاقات کی۔ بعدازاں ممتاز کے والد نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کی جنہوں نے مجرم کے والد کو بتایا کہ ملنے کے طریقہ کار میں یہ تبدیلی سپریم کورٹ کی جانب سے ممتاز قادری کی سزائے موت برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد کی گئی۔

مزید : راولپنڈی