عمران خان اور سراج الحق کی کراچی آمد ، بغیر اجازت ریلی
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کراچی میں بغیر اجازت ریلی نکالی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قائدین کا احترام کرتے ہیں،ضابطہ اخلاق کے حوالے سے پالیسی الیکشن کمیشن دیتا ہے ۔ تحریک انصاف نے جمعہ کے روز ریلی کے بارے میں بتایا تھا ، اجازت طلب نہیں کی۔پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی طرف سے ریلیوں کی اجازت نہیں لی گئی اور بغیر اجازت دونوں پارٹیوں نے ریلی نکالی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماء عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سے اجازت لی تھی مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ عمران خان کو ریلی کی شکل میں مزار قائد لے کر جائیں گے، ریلی کو روکنا انتظامیہ کی غلطی ہو گی ۔ ہمیں روکنے کی کوشش کی گئی تو نہیں رکیں گے۔
دریں اثناء بلدیاتی انتخابات کی مہم میں حصہ لینے کیلئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اورامیر جماعت اسلامی سراج الحق کراچی پہنچ گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی دوروزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں جہاں وہ بلدیاتی انتخابات کی مہم کی قیادت کریں گے۔کراچی ا یئرپورٹ پر پارٹی رہنماء عمران اسماعیل ، فیصل واڈا و دیگر نے عمران خان کا استقبال کیا جبکہ ا یئرپورٹ کے باہر پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔ عمران خان کراچی کے مختلف بلدیاتی حلقوں کا دورہ بھی کریں گے ۔