بحرین میں مسلسل جنسی درندگی کی شکار فلپائنی ملازمہ کی فیس بک پر ویڈیو وائرل، بچا لیا گیا

بحرین میں مسلسل جنسی درندگی کی شکار فلپائنی ملازمہ کی فیس بک پر ویڈیو وائرل، ...
بحرین میں مسلسل جنسی درندگی کی شکار فلپائنی ملازمہ کی فیس بک پر ویڈیو وائرل، بچا لیا گیا

  

مناما(مانیٹرنگ ڈیسک)بحرین میں جنسی درندگی کی شکار فلپائنی گھریلو ملازمہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر مدد کی التجا کی ویڈیو وائرل ہونے پر ریسکیو کر لیا گیا ۔ ہیک ریڈ ڈاٹ کام پر شائع خبر کے مطابق بحرین میں 28سالہ ایبی لونا گھریلو فلپائنی ملازمہ نے فیس بک پر درد بھری ویڈیو جاری کی جس میں گڑگڑاتے ہوئے بتایا کہ اسے مسلسل جنسی زیادتی کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے اور کسی کو بتانے پر قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔ ویڈیو میں فلپائنی لڑکی جلد سے جلد مدد کی اپیل بھی کرتی رہی اور زار و قطار روتی رہی ۔ ایبی لونا کی جانب سے جنسی زیادتی سے نجات کے لئے جب فیس بک پر ویڈیو جاری کی گئی تو چند گھنٹوں کے دوران ہی ویڈیو کو78ہزار لوگوں نے شیئر کیا اور اسے 19ہزار لائیکس بھی ملے ۔

ویڈیو میں ایبی لونا نے بتایا کہ میرے باس کا بیٹا مجھے مسلسل زیادتی کا نشانہ بنا رہا ہے اور انکار پر بدترین تشدد کا نشانہ بناتا ہے اور دھمکیاں دے رہا ہے کہ اگر میں نے کسی کو بتایا تو صحرا میں لے جا کر قتل کر دے گا اور وہی ریت کے سمندر میں کہیں دفن کر دے گا۔ فلپائنی لڑکی نے بتایا کہ میں نے اپنے خوف پر قابو پا کر باس کو اس کے بیٹے کے ہاتھوں مسلسل جنسی زیادتی کا نشانہ بننے کے بارے میں بتایا تو اس نے کہا کہ میں نہیں مانتا تم معاہدہ کی مدت کئے بغیر واپس نہیں جا سکتی ، تمہیں معاہدہ پورا کرنا ہو گا ۔ ایبی لونا نے بتایا کہ میں نے جب اس سے کہا کہ اس دوران اگر میں آپ کے بیٹے سے حاملہ ہو گئی اور یا مجھے اس نے قتل کر دیا تو اس کا ذمہ دار کیا ہو گا اور پھر کیا ہوگا لیکن اس نے بے حسی سے کہا کہ نہیں ابھی کچھ نہیں ہو سکتا ۔ فیس بک پر ویڈیو وائرل ہونے پر فلپائنی سفارتخانہ اور ایبی لونا کو کام کے لئے لانے والے لیبر ایجنسی حرکت میں آ گئی اور انہوں نے پولیس کے ہمراہ گھر پر چھاپہ مار کر لڑکی کو بازیاب کروا لیا ۔

مزید : بین الاقوامی