قومی دولت لوٹنے والوں کوسخت سزائیں دلوانے کے لئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں،پراسیکیورٹرجنرل نیب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس اعجازالاحسن سے پراسیکیوٹرجنرل نیب وقاص قدیر نے ملاقات کی،وقاص قدیرڈارکا کہنا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کوسخت سزائیں دلوانے کے لیے پراسیکیوٹرز کی سپیشل ٹیمیں بنا لی گئی ہیں۔ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس اعجازالاحسن سے پراسیکیوٹرجنرل نیب وقاص قدیرڈارنے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ہائیکورٹ اور پنجاب بھر کی احتساب عدالتوں میں زیرالتواءپرانے کیسز کو بروقت نمٹانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پراسیکیوٹرجنرل نیب وقاص قدیرڈار نے چیف جسٹس کو بتایا کہ نیب کے پرانے کیسز کو جلد نمٹانا ان کی ترجیح ہے۔ پراسیکیوٹرز کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے سپیشل ٹیمیں تیارکرلی گئی ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ تمام پراسیکیوٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھر پور تیاری کرکے عدالتوں میں پیش ہوں اور عدالتوں سے کسی بھی پرانے کیسز میں سماعت ملتوی کرانے کی استدعا نہ کریں۔ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنےوالے پراسیکیوٹرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی بھی ہوگی۔