کاروباری مرکز میں شاپنگ کیساتھ بہترین ماحول بھی فراہم کیا جائیگا

کاروباری مرکز میں شاپنگ کیساتھ بہترین ماحول بھی فراہم کیا جائیگا

راولپنڈی (کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدراجہ عامر اقبال نے کہا ہے کہ کینٹ کے علاقہ کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے چیمبر انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ کے ساتھ مل کر جامع منصوبہ بندی کر رہا ہے تا کہ شہریوں کو شہر کے سب سے بڑے کاروباری مرکز میں شاپنگ کے ساتھ صاف و شفاف ماحول بھی فراہم کیا جا سکے ، کینٹ کے علاقہ کی خوبصورتی کو بحال اور برقرار رکھنے کے لئے کاروباری برادری ہر ممکن اقدام اٹھائے گی، صدر کینٹ میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے، ٹریفک کے بہاو میں رکاوٹ اور پارکنگ پلازہ سمیت بورڈ ٹیکس ، سیلز ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے معاملات میں درپیش مسائل کو متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر حل کیا جائے گا، اِن خیالات کا اظہار انہوں نے انجمنِ تاجران راولپنڈی کینٹ کے وفد سے ایک ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت صدر شیخ حفیظ کر رہے تھے جبکہ ظفر قادری اور دیگر عہدیدار بھی ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر راشد وائیں، نائب صدر عاصم ملک ،گروپ لیڈر ز شیخ شبیر، سہیل الطاف، ایس ایم نسیم، سابق صدور ایس ایم عظیم، نجم ریحان، ڈاکٹر حسن سروش، چوہدر ی عبدلروف ،منظر خورشید،میاں ہمایوں پرویز، مجلس عاملہ کے اراکین اور کینٹ کے تاجروں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ صدر راجہ عامر اقبال نے کہا کہ تاجروں کا اتحاد ہی ہماری کامیابی ہے اور کاروباری برادری کی بہتری کے مِشن کو جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ کے صدر شیخ حفیظ نے راجہ عامر اقبال اور دیگر عہدیداروں کواپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نئی ٹیم کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے چیمبر کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ، چیمبر حکومت اور تاجروں کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرتا ہے جس سے تاجروں کو اپنی آواز بلند کرنے میں مدد ملتی ہے انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حوالے سے راولپنڈی چیمبر نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے اور کاروباری برادری کو یقین ہے کہ مستقبل میں بھی ان کے مسائل اسی جذبے کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے صدر چیمبر کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید : کامرس