قسمت بیگ قتل کیس میں میری گرفتاری کی خبرجھوٹی ہے،ماہ نور

قسمت بیگ قتل کیس میں میری گرفتاری کی خبرجھوٹی ہے،ماہ نور

لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ ماہ نور نے ’’پاکستان ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے قسمت بیگ قتل کیس کے سلسلے میں پولیس نے نہ تو مجھے گرفتار کیا ہے اور نہ ہی مجھے کسی طرح سے تنگ کیا ہے اس حوالے سے گزشتہ روزمیڈیامیں میری گرفتاری بارے جھوٹی اور بے بنیاد خبریں نشر کرکے مجھے اور میری فیملی کو پریشان کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن جن لوگوں نے یہ سازش کی ہے وہ اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ قسمت بیگ سے میرا کوئی اختلاف نہیں تھا بلکہ ہم نے کئی ڈراموں میں اکٹھے کام بھی کیا تھا لیکن گزشتہ چار ماہ سے ہماری ملاقات ہی نہیں ہوئی تھی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپنی ساتھی اداکارہ کے قتل پر مجھے بھی بہت زیادہ افسوس ہے لیکن جس طرح میری گرفتاری کی بے بنیادافواہ پھیلائی گئی ہے مجھے اس کا بہت افسوس ہے۔ماہ نور نے مزید کہا کہ ہماری پولیس اور دیگر تفتیشی ادارے بہت محنتی ہیں جو بہت جلد اس قتل بارے حقائق سامنے لائیں گے جس کے بعد سب کو معلوم ہوجائے گا کہ اصل مجرم کون ہے۔

اور یہ کس کی سازش تھی۔

مزید : کلچر