شہر بھر میں ’’الیکٹرسٹی سیف سٹی پروگرام ‘‘کے تحت بڑے پیمانے پر کام شروع

شہر بھر میں ’’الیکٹرسٹی سیف سٹی پروگرام ‘‘کے تحت بڑے پیمانے پر کام شروع

لاہور( لیاقت کھرل) نئے چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد علی کاظمی کے حکم پر شہر بھر میں ’’ الیکٹرسٹی سیف سٹی پروگرام‘‘ کے تحت ترسیلی نظام کی اَپ گریڈیشن ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لائنوں کی تبدیلی، کئی سال پرانی ایل ٹی کی جگہ انسولیٹڈ واسپ کیبل( کنڈکٹر) کی تنصیب، پرانی اور بوسیدہ تاروں کو تبدیل کر کے فورکور گولہ بچھانے کے لئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔ چیف انجینئر لیسکو محمد رمضان گھمن تمام سرکل افسروں کی نگرانی میں قائم ٹیموں کے سربراہ مقرر، سرکل افسروں ایس ایز کی نگرانی میں ڈویژن کی سطح پر ایکسیئن حضرات کو ٹاسک دے دیا گیا۔ پہلے مرحلہ میں شمالی لاہور کی گنجان آبادیوں باغبانپورہ ، شالامار، مغل پورہ ، ہربنس پورہ اور غازی آباد سمیت گجر پورہ میں ٹیموں نے پرانی اور بوسیدہ تاروں کی تبدیلی شروع کر دی ہے۔ لیسکو کے ذرائع نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ چیف ایگزیکٹو سید واجد کاظمی کی ہدایت پر شہر بھر میں ترسیلی نظام کی بہتری اور ٹرانسمیشن لائنوں اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی اَپ گریڈیشن کے لئے الیکٹرسٹی سیف سٹی پروگرام شروع کیا گیا ہے جس سے لائن لاسز کنٹرول اور بجلی چوری کی روک تھام بھی ممکن ہو گی۔ اس میں ٹرانمیشن لائنوں سمیت ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بھی اَپ گریڈ کیا جائے گا جس میں کئی سال پرانی ایل ٹی تار جو کہ بالخصوص گنجان آبادیوں کی تنگ گلیوں سے گزر رہی ہیں اس کی جگہ حادثات سے پاک انسولیٹڈ واسپ کیبل لگائی جانے کا کام شروع کردیا گیا ہے جس سے جانی حادثات کی روک تھام ممکن ہو گی اور صارفین کے ساتھ ساتھ لیسکو کا فیلڈ سٹاف بھی پیش آنے والے حادثات سے بچ سکے گا۔ اس کے ساتھ بجلی کے 2 لاکھ سے زائد میٹروں کوبھی تبدیل کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ ترسیلی نظام کی بہتری کے لئے شہر بھر میں 375 نئے بجلی کے ٹرانسفارمر فراہم کیے جا رہے ہیں جس سے ڈسٹری بیوشن کا اوورلوڈڈ سسٹم کنٹرول ہو گا اور اس سے ترسیلی نظام میں 100 فیصد بہتری آئے گی۔ اس سلسلہ میں لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ سرکل افسروں ایس ایز کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ڈویژن افسروں ایکسیئن حضرات کو خود موقع پر کھڑے ہو کر ایس ڈی اوز اور فیلڈ سٹاف سے ترسیلی نظام کی اَپ گریڈیشن کروانے کا پابند بنایا گیا ہے۔ جس میں پہلے مرحلہ میں شمالی لاہور کی آبادیوں بالخصوص غازی آباد اور اردگرد کے گنجان علاقوں کی تنگ گلیوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں ٹیموں نے ہفتہ اور اتوار کے دو روز کی چھٹی کے باوجود فیلڈ ڈیوٹی دی ہے جس میں ایس ای ففتھ سرکل زاہد سلیمکی نگرانی میں ایکسیئن کینٹ ڈویژن ندیم ملک اور ایس ڈی او ضرار شہید عظیم جاوید اورایس ڈی اوالطاف کالونی سمیت ایس ڈی او گلدشت ٹاؤن نے غازی آباد اور اردگرد علاقوں میں درجنوں گلی محلوں میں ٹرانسفارمرز کے نئے جیمپرز لگا دئیے ہیں ۔ اس کے ساتھ پرانی ایل ٹی کی جگہ انسولیٹڈ کیبل اور پرانی و بوسیدہ تاروں و کیبل کی جگہ فور کور (گولہ) بچھا دیا ہے جبکہ سینکڑوں پرانے اورخراب میٹر بھی تبدیل کر دئیے ہیں۔ اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ الیکٹر سٹی سیف سٹی پروگرام سے ترسیلی نظام میں بہتری، اوورلوڈڈ سسٹم اور لائن لاسز کا خاتمہ ہو گا جس کے لئے شہر بھر میں اس پروگرام کے تحت ترسیلی نظام اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتر کیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1