ٹریفک حادثات میں ماں بیٹی سمیت 5جاں بحق، دوشیزہ کا ہاتھ ٹوکہ میں آگیا

ٹریفک حادثات میں ماں بیٹی سمیت 5جاں بحق، دوشیزہ کا ہاتھ ٹوکہ میں آگیا

ملتان ‘ ٹھٹھہ صادق آباد ‘ راجن پور ‘ رحیم یار خان ( کرائم رپورٹر ‘ نمائندگان )سڑک کے مختلف حادثات میں 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ‘ دوشیزہ ہاتھ سے محروم ‘ شادی کی تقریب میں فائرنگ سے دو کمسن زخمی ہوگئے ۔ ملتان سے کرائم رپورٹر کے مطابق کار کی ٹکر سے ماں جاں بحق بیٹا شدیدزخمی ہوگیا۔بتایاجاتا ہے کہ 32سالہ عمران اپنی والدہ رظیہ بی بی کے ہمراہ مظفر آباد سے ملتان آرہا تھا ، نجی ہوٹل کے باہر تیز رفتار کار نے انہیں پیچھے سے ٹکر ماری جسے وہ دونوں شدید زخمی ہوگئے،جبکہ کار سوار فرار ہوگیا۔ریسکیو اہلکاروں نے دونوں زخمیوں کو اطلاع ملنے پر نشتر ہسپتال منتقل کیا جہاں رضیہ بی بی جاں بحق ہوگئی جبکہ عمران کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ٹھٹھہ صادق آباد سے نمائندہ پاکستان کے مطابق موضع باہو والا چاہ پیپل والا قادرپوراں ملتان کا رہائشی غلام مصطفی موٹر سائیکل نمبرMNQ-9310پراپنی بیوی شریفاں بی بی،14سالہ بیٹی رابعہ بی بی کے ہمراہ دنیاپور رشتہ داروں سے ملنے کے بعد اپنے گھر جارہا تھا کہ ٹھٹھہ صادق آباد کے قریب ملتان دنیا پور روڈ مولے والا سٹاپ کے نزدیک تیز رفتار ٹرالر نمبرTLC-744نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں ماں شریفاں بی بی موقع پر جاں بحق ہوگئی،جبکہ شدید زخمی رابعہ بی بی ،باپ غلام مصطفی کونشتر ہسپتا ل ملتان لیجایا گیا رابعہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی،جبکہ غلام مصطفی کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد کے تھانیدار شوکت علی نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر ڈرائیور جمعہ گل سکنہ لورالائی کو گرفتار کرتے ہوئے تھانے بند کردیا۔ راجن پورسے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق گذشتہ روزنواحی علاقہ کوٹلہ احمد میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائر نگ کی گئی جس کے نتیجہ میں دوبچے 5 سالہ شکیلہ اورسات سالہ منیر شدیدزخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹر کٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال راجن پور منتقل کردیا گیا سٹی پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دولہے محمد بلال اور اس کے والد عابد حسین کو گرفتار کرلیا اور حوالات میں بند کردیا۔ رحیم یار خان سے بیورو نیوز کے مطابق ظاہر پیر کے رہائشی 18سالہ عنایت اللہ کے ساتھ پیش آیا جو اپنے قریبی رشتہ دار ظہیر احمد کے ہمراہ قومی شاہراہ پر بھونگ مسجد کے لئے اپنی موٹرسائیکل پر سوار ہوکر جارہے تھے کہ میانوالی قریشیاں کے نزدیک تیز رفتار ٹرک نے بے قابو ہوکر ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں دونوں شدید زخمی ہوگئے جبکہ دوسرا حادثہ ظفرسعیدٹاؤن کے رہائشی25سالہ سہیل احمد کے ساتھ پیش آیا جو موٹرسائیکلوں کے تصادم میں شدیدزخمی ہوگیا۔زخمی ہونے والے تینوں افراد کو ورثاء نے طبی امداد کے لئے رحیم یارخان شیخ زید ہسپتال منتقل کیاجہاں ایمرجنسی وارڈ طبی امداد کے باوجود عنایت اللہ اور سہیل احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے جبکہ زخمی ہونے والا ظہیراحمد کوطبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز چک86پی کی رہائشی 20سالہ ملوکاں بی بی جو کہ مویشیوں کیلئے ٹوکہ مشین پر چارہ کاٹ رہی تھی کہ اچانک زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لئے ورثاء نے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد کے باوجود ملوکاں بی بی ایک ہاتھ سے محروم ہوگئی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر