قانون کے محافظ کی قانون شکنی، قانون کی خلاف ورزی پر ٹریفک وارڈن نے شہری کی ٹھکائی کردی

قانون کے محافظ کی قانون شکنی، قانون کی خلاف ورزی پر ٹریفک وارڈن نے شہری کی ...

 لاہور(وقائع نگار)صوبائی دارالحکومت میں قانون کے محافظ ہی قانون کی دھجیاں اڑانے لگے ،شہری نے ٹریفک قانون پر عملدرآمد نہ کیا تو ٹریفک وارڈن نے بھی قانون کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا،شہری کا گریبان پکڑا اورخود ہی سبق سکھانا شروع کردیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس گردی کے واقعات تو عام تھے ہی اب ٹریفک وارڈنز نے بھی قانون کو ہاتھ میں لینا شروع کر دیا ہے۔ ایسا ہی ناخوشگوار واقعہ ریگل چوک لاہور میں پیش آیاجہاں شہری کی طرف سے ٹریفک قانون پر عملدرآمد نہ کرنے پر ٹریفک وارڈن طیش میں آ گیا اور قانون شکنی کرتے ہوئے خود ہی سبق سکھانے کا فیصلہ کر لیا۔ شہری نے منت سماجت کی لیکن سرپھرے ٹریفک وارڈن نے اس کی ایک نہ سنی اور سرعام اس کا گریبان پکڑتے ہوئے اس کی تذلیل شروع کر دی۔ٹریفک وارڈن کا غصہ اس وقت ٹھنڈا پڑ گیا جب اس نے میڈیا کو دیکھا۔ اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک وارڈن نے شہری کا گریبان پکڑ کر اس کی خوب ٹھکائی کی ، بعد ازاں اس کا چالان بھی کر دیا۔

مزید : علاقائی