لاہور ہاکس نے ڈی ایچ اے وائلڈ بیئرز کورگبی میچ میں ہرا دیا

لاہور ہاکس نے ڈی ایچ اے وائلڈ بیئرز کورگبی میچ میں ہرا دیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) چوتھی سروس ٹائرز15 سائیڈ لیگ کے اہم میچ میں ڈیزرٹ کیمل نے فاٹا کی ٹیم کو 35-0 سے شکست دے کر ڈویژن ٹو کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ ڈویژن ون کے اہم میچ میں لاہور ہاکس نے ڈی ایچ اے وائلڈ بیئرز کو 38-5 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رگبی اکیڈمی لاہور کینٹ نزد ایئرپورٹ میں دو مختلف ڈویژنز کے اہم 15 سائیڈ میچز ہوئے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پاکستان رگبی یونین سیکرٹری اور سروس کے ڈائریکٹر چودھری عارف سعید تھے، اس موقع پر پنجاب رگبی ایسوسی ایشن کے صدر رضوان ملک، سیکرٹری پاشا، ہیڈ کوچ شکیل احمد، مینجر ایجوکیشن اینڈٹریننگ سید معظم علی شاہ، سری لنکا سے ریفرننگ کورس کروانے کیلئے آنے والے دل رائے فرنینڈو اور رگبی کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف سعید کا کہنا تھا کہ خوشی کہ سروس لیگ میں ٹیمیں اچھا کھیل پیش کر رہی ہیں۔ پہلے میچ میں ڈویژن تھری کی فاتح ٹیم کا نارتھ ڈویژن کی فاتح ٹیم سے میچ تھا۔ جیتنے والی ٹیم اگلے سال ڈویژن ٹو میں کھیلے گی۔ ڈیزرٹ کیمل فورٹ عباس کی ٹیم نے فاٹا کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور میچ 35-0سے جیتا۔پہلے ہاف میں سکور 20-0 تھا، دوسرے ہاف میں ڈیزرٹ کیمل نے 15 اور پوائنٹس حاصل کرکے میچ جیت لیا۔ دوسرے میچ میں لاہور ہاکس نے زبردست مقابلے کے بعد ڈی ایچ اے وائلڈ بیئرز کی ٹیم کو 38-5 سے ہرا دیا۔ ہاف ٹائم پر سکور 21-0 تھا۔ دوسرے ہاف میں ڈی ایچ اے کی ٹیم نے وائلڈ بیئرز کے خلاف بہتر کھیل پیش کیا مگر میچ پھر بھی نہ جیت سکے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی