پانامہ کیس ،قطری شہزادے کو کٹہرے میں لانا ہوگا،چوہدری شجاعت
لاہور(اے این این) مسلم لیگ ق کے صدر شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ عدالت کریگی،قطری شہزادے کو کٹہرے میں لانا ہوگا،آرمی چیف کی کوئی ذات برادری نہیں ہوتی، ان کی ذات پاکستان اور برادری افواج پاکستان ہیں، پاکستان درست سمت میں نہیں چل رہا، اللہ کرے یہ صحیح سمت چلے، جہانگیر بدر منجھے و سلجھے ہوئے سیاستدان اور ملک و قوم کا سرمایہ تھے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما جہانگیر بدر کی رہائش گاہ پر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرنے کے بد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے سوالات کے جواب میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ سب کی سپریم کورٹ پر نظریں ہیں اس کا فیصلہ سب کو قبول ہو گا، قطری شہزادہ پاکستان نہیں آئے گا اگر آیا تو گواہی دینے کیلئے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا۔ بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت پیپلزپارٹی کے پاس محترمہ بینظیر بھٹو کا متبادل ہے۔ اس سوال پر کہ نئے آرمی چیف کا تعلق آپ کی جاٹ برادری سے ہے تو انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کیلئے ایسی باتوں کی کوئی حیثیت نہیں، ان کیلئے سب کچھ پاکستان اور پاکستانی افواج ہیں۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ ہی کرے گی ، خط لکھنے والے قطری شہزادے کو کٹہرے میں لانا ہو گا۔