کسی سے نفرت نہیں کرتے، ہماری جنگ لیٹروں وڈیروں اور شوگر مافیا کیخلاف ہے: سراج الحق

کسی سے نفرت نہیں کرتے، ہماری جنگ لیٹروں وڈیروں اور شوگر مافیا کیخلاف ہے: سراج ...

کراچی(اے این این ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سندھ اور کراچی کا کیس سینیٹ سمیت ہر جگہ لڑے گی ،کراچی کے مسائل کے حل کی چابی کراچی کے عوام کے پاس ہے، جماعت اسلامی تبدیلی اور انقلاب کی جماعت ہے اور ہم آئینی اور جمہوری طریقوں کے مطابق ملک کے ہر شعبے میں تبدیلی اور انقلاب کی جدوجہد کررہے ہیں ،ہماری جنگ قاتلوں ، لٹیروں وڈیروں ، جاگیرداروں اور شوگر مافیا کے خلاف ہے ہم کسی سے نفرت نہیں کرتے ، پانامہ لیکس اور دبئی پراپرٹی لیکس کی صورت میں حکمرانوں کی کرپشن کے انبار کھلی آنکھ سے نظر آرہے ہیں ، قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہے ۔سندھ اسمبلی میں مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے جو قانون بنایا گیا ہے وہ شریعت کے خلاف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح کراچی میں ورکرز کنونشن کے اختتام پر ایک بڑے اور عظیم الشان جلسہ عزم اسلامی انقلاب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدی ٰ صدیقی ، امیر کراچی حافظ ن نعیم الرحمن اور نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا ۔جلسے میں کراچی اور اندرون سندھ سے آئے ہوئے ہزاروں مرد وخواتین نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ہندو ، عیسائی اور دیگر اقلیتی نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ باب الاسلام کا یہ کنونشن روشنی ، خوشحالی ، اسلامی اور تعلیم یافتہ پاکستان کی نوید ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ہمارے 70سال ضائع کردیے ، حکمرانوں کے حالات تو بدلے لیکن غریب عوام کی حالت نہ بدل سکی ،ہم پاکستان میں کسی خاندان کی بادشاہت کے بجائے اسلامی شریعت کی حکمرانی چاہتے ہیں اسی طریقے سے دنیا میں عزت اور آخرت میں نجات مل سکتی ہے ۔ہم عدالتوں ، ایوانوں ، تعلیمی اداروں اور زندگی کے ہر شعبے میں قرآن کی روشنی اور نور پھیلانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے لیے بنا تھا جو لوگ لبرل اور سیکولر یا اس ملک کو کچھ اور بنانا چاہتے ہیں وہ شہداء پاکستان اور آئین سے غداری کررہے ہیں ۔جو حکمران ملک کے نظریے اور جغرافیہ کا تحفظ نہ کرسکے اسے حکمرانی کا حق نہیں ہے ۔انہو ں نے کہا کہ مطیع الرحمن نظامی بنگلہ دیش پر پھانسی پر چڑھ رہے تھے ہمارے حکمران حسینہ واجد کی طرح بھارت سے دوستیاں بڑھا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر معراج الہدی ٰ صدیقی نے سندھ کے لیے جو ایجنڈا دیا ہے میں ان کے ساتھ ہوں اور میں سندھ ور کراچی کا کیس سینیٹ سمیت ہر جگہ لڑوں گا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی علم ، روشنی، مدارس تجار ت ، تہذیب اور ترقی کا شہر تھا اس کی قیادت لیاقت علی خان ، شاہ احمد نورانی ، پروفیسر غفور ، عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان جیسی شخصیا ت کے پاس تھی لیکن پھر کیا ہوا کراچی کفن ، تابوت ، بوری بند لاشوں ،دہشت گردی اور بھتہ خوری کا شہر بن گیا ۔یہ سب کچھ نااہل اور عوام دشمن قیاد ت کی وجہ سے ہوا ہے ۔جماعت اسلامی میں ہر زبان ، صوبے ، علاقے اور مسلک کے لو گ شامل ہیں اور یہ ایک خوبصورت گلدستہ ہے اس کی خوشبواور روشنی اندھیروں کو اجالے میں تبدیل کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ تھر میں جب ہزاروں بچے مررہے تھے تو لاڑکانہ میں ایک ارب روپے کا جشن منایا گیا اور ایک حکومتی اہلکار نے کہا کہ یہ تو مرتے رہتے ہیں میڈیا نے فساد مچایا ہوا ہے ۔سرا ج الحق نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے جو قانون بنایا ہے وہ شریعت کے خلاف ہے میں مراد علی شاہ نہیں بلکہ زرداری سے کہنا چاہتاہوں کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جو آئین بنایا تھا وہ ملک جوڑنے کے لیے تھا ان کی پارٹی آئین سے بے وفائی کررہی ہے زرداری خود ہی یہ قانون واپس لے لیں ورنہ ہم سمجھیں گے کہ ان کی پارٹی اپنے بانی کے بنائے ہوئے آئین کو نہیں مانتی ۔انہوں نے کہا کہ پنامہ لیکس اور دبئی پراپرٹی لیکس کی صورت میں حکمرانوں کی کرپشن کے انبار کھلی آنکھ سے نظر آرہے ہیں ، قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہے امید ہے کہ سپریم کورٹ کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کر ے گی ۔ انہو ں نے کہا کہ ہماری جنگ قاتلوں ، لٹیروں وڈیروں ، جاگیرداروں اور شوگر مافیا کے خلاف ہے ہم کسی سے نفرت نہیں کرتے ہمارا پیغام محبت اور امن کا پیغام ہے ہماری تحریک جاری رہے گی ۔

مزید : صفحہ آخر