بلاسود قرضوں کی فراہمی کا تاریخ ساز پروگرام سبزانقلاب برپا کردے گا :شہباز شریف

بلاسود قرضوں کی فراہمی کا تاریخ ساز پروگرام سبزانقلاب برپا کردے گا :شہباز ...

 لاہور (سٹی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی اور کسان کی خوشحالی ہماری ترجیح ہے ۔ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور کاشتکار کی ترقی کے لئے اربوں روپے کا کسان پیکیج دیا گیا ہے ۔ملک کی تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کسانوں کو 100 ارب روپے کے بلا سود قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ کھادوں پر اربوں روپے کی سبسڈی سے چھوٹے کاشتکاروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ زرعی ٹیوب ویلوں کے بجلی کے نرخوں میں خاطرخواہ کمی سے بھی کاشتکار مستفید ہو رہے ہیں ۔کسان خوشحال ہو گا تو زراعت ترقی کرے گی اور پاکستان آگے بڑھے گا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے انقلاب آفریں اقدامات کئے ہیں ۔وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلی نے کہا کہ شعبہ زراعت کی ترقی کے لئے موثر حکمت عملی پر عملدرآمد سے سبزانقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے ۔ کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہم کے پروگرام کے تحت ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو ربیع میں 25 ہزار روپے اور خریف میں 40 ہزار روپے فی ایکڑ حساب سے بلا سود قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ بلاسود قرضوں کی تقسیم کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شفاف ترین نظام وضع کیا گیا ہے ۔پروگرام کے تحت بے زمین کاشتکاروں کو بھی پہلی مرتبہ بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں ۔قرضہ حاصل کرنے میں کامیاب ہونے والے کسانوں کو سمارٹ فون بھی دیئے جائیں گے اور سمارٹ فون کے ذریعے کسانوں کو موسم ، زرعی سہولیات ، فصلوں، بیجوں، کھادوں اوردیگر امور کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دور آمریت کے حکمرانوں نے قومی معیشت کے اہم شعبے زراعت کو نظر انداز کیا جبکہ بعض سیاسی عناصر نے دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح کسانوں کی خوشحالی کے پروگراموں میں بھی رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی اورالزامات ، جھوٹ اور منفی سیاست کرنے والوں نے کسانوں کے فلاحی پروگراموں میں رکاوٹیں ڈال کر کسان دشمنی کا ثبوت دیا لیکن پنجاب حکومت نے چھوٹے کاشتکاروں کے لئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام ترتیب دے کر کسان دوستی کا ثبوت دیا ہے جس سے زرعی معیشت ترقی کرے گی ۔ہمارا ہر قدم چھوٹے کاشتکار کی ترقی اور حالت زار بدلنے کے لئے اٹھ رہا ہے اور کسانوں کی فلاح کیلئے ایسے اقدام آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران پنجاب میں سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اورعوام کے جان ومال تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو امن عامہ کی فضا یقینی بنانے کے لئے فعال اور متحرک انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ پولیس کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب پولیس فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے فرض کی ادائیگی موثرانداز سے کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔ جرائم کا خاتمہ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور پولیس فورس کو اس ضمن میں تندہی اور جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ سماج دشمن عناصر ،جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس ضمن میں پولیس کے اعلیٰ حکام فہرستیں مرتب کرکے فی الفور قانونی اقدامات اٹھائیں کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ایسے عناصر کی آہنی ہاتھوں سے سرکوبی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کے جان ومال کے تحفظ کے حوالے سے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہو گا ۔ میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا اور تمام اقدامات کی ذاتی طور پرنگرانی کروں گا۔ اجلاس کے دوران پولیس حکام نے لاہور میں ہونے والے جرائم کے بعض واقعات خصوصاً ملت پارک ڈکیتی قتل کیس اور گارڈن ٹاؤن میں ٹریفک سگنل پر گاڑی کو لوٹنے کے واقعات کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ سی سی پی او نے وزیراعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کیسوں پر پیش رفت ہو رہی ہے اور ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ، ایم پی اے جہانگیر خانزادہ ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ اور اعلی پولیس حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول