آصف علی زرداری کا 30نومبر کو وطن واپس آنے کا امکان

آصف علی زرداری کا 30نومبر کو وطن واپس آنے کا امکان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( شہزاد ملک سے ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے پارٹی کے یوم تاسیس 30نومبر کو وطن واپس آنے کا امکان ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ تیس نومبر کے یوم تاسیس کی بلاول ہاؤس لاہور میں مرکزی ورکر کنونشن کی تقریب میں شرکت کریں گے ‘دوسری جانب چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے یوم تاسیس کی 6روزہ تقریبات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے تیس نومبر کو یوم تاسیس کی مرکزی تقریب بلاول ہاؤس لاہور میں دوپہر دو بجے چئیرمین کی زیر صدارت ورکر کنونشن کی شکل میں شروع ہو گی جس کے اختتام پر ایک میوزیکل پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا۔پیپلز پارٹی کے ذرائع نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ تیس نومبر کے بعد اس سے اگلے روز چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو صوبہ کے پی کے کی تنظیم سازی کے لئے انٹرویو کریں گے اس کے اختتام پر بھی میوزیکل تقریب منعقد کی جائے گی اس سے اگلے روزصوبہ بلوچستان کے لوگوں کے تنظیم سازی کے حوالے سے انٹرویو کئے جائیں گے اور پھر اختتام پر میوزیکل تقریب منعقد کی جائے گی ۔اس سے اگلے روز صوبہ سندھ کے لوگوں کے انٹرویو کئے جائیں گے اور پھر میوزیکل تقریب منعقد کی جائے گی ۔اس سے اگلے روز گلگت بلتستان کے لوگوں کے تنظیم سازی کے لئے انٹرویو کئے جائیں گے اور اختتام پر میوزیکل تقریب منعقد کی جائے گی ۔اس سے اگلے روز آزاد کشمیر کے لوگوں کے انٹر ویو کئے جائیں گے اور میوزیکل تقریب منعقد کی جائے گی اسی طرح سے چھٹے روز سینٹرل پنجاب کی نئی تنظیم سے ملاقات کی جائے گی اور پنجاب بھر کے اضلاع کی تنظیم سازی کے لئے انٹرویو کئے جائیں گے اور اس روز بھی میوزیکل تقریب منعقد کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق یوم تاسیس کی تقریبات کے اس شیڈول کی چئرمین نے منظوری دیدی ہے اس کے بعد مزید پروگراموں کو بھی حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے اور لاہور تنظیم کے نئے عہدیداروں کا اعلان سولہ دسمبر تک متوقع ہے۔

مزید :

صفحہ اول -