قومی اسمبلی،آج اجلاس میں انکوائری کمیشن بل 2016ء پیش کیا جائیگا

قومی اسمبلی،آج اجلاس میں انکوائری کمیشن بل 2016ء پیش کیا جائیگا

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد (آج) پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا‘ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار انکم ٹیکس آرڈیننس اور ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2016ء کی مزید تین ماہ کیلئے توسیع کیلئے قراردادیں پیش کریں گے، حکومت کی جانب سے پانامہ پیپرز انکشافات سمیت تمام آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن بل 2016ء منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، حکومت نے انکوائری کمیشن بل کیخلاف بار بار اپوزیشن کی جانب سے احتجاج اور کورم کی نشاندہی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے تمام لیگی ارکان کو اجلاس میں شرکت کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد (آج) پیر کو شام ساڑھے پانچ بجے سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف پاکستان ایئرفورس ایکٹ 1953ء میں مزید ترامیم کرنے کا بل پیش کریں گے۔ جبکہ اجلاس میں تین ٹی وی ڈراموں کی وجہ سے ملک میں طلاق کی شرح میں اضافے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا۔ ایجنڈے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پاکستان کی اکانومی کے حوالے سے سٹیٹ بنک آف پاکستان کی مالی سال 2015-16 کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے۔

اجلاس

مزید : صفحہ اول