مہاجر اپنی شناخت سے دستبردار نہیں ہونگے،آفاق احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مہاجرقومی موومنٹ( پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کورنگی میں خواتین کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر چیز جسکا وجود ہوتا ہے وہ اپنی جداگانہ شناخت رکھتی ہے اسی طرح ’’لفظ مہاجر‘‘مہاجر قوم کی شناخت ہے جس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے ،قوم مخالفانہ اور تعصبانہ اقدامات سے گھبرانے کی بجائے اپنی شناخت اور تشخص کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک ہوجائے ۔اپنے خطاب میں آفاق احمد نے کہا کہ پاکستان مہاجروں کو پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملا ،بیس لاکھ جانوں کی قربانی دے کر حاصل کیا گیا ملک دوسری قوموں جتنا ہی ہمارا ہے اس لئے مہاجروں کو دیوار سے لگانے کا سلسلہ بند کرنا ہوگا ۔آفاق احمد نے کہا کہ جنہوں نے ملک دشمنی پر مبنی نعرے لگائے ان سے قانون کے مطابق سلوک ہونا چاہئے لیکن چند لوگوں کے غلط فیصلوں کو پوری قوم پر مسلط نہیں کیا جاسکتا اس لئے مہاجروں کو غداز ،ملک دشمن یا دوسرے شرمناک القابات سے نوازنے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہئے اسکے علاوہ یہ بات بھی مدنظر رکھی جائے کہ اگر کراچی آج 67فیصد ریونیو دیتا ہے تو اس میں مہاجروں کی محنت اور خون پسینہ شامل ہے جنہوں نے خراب آب و ہوا کے حامل شہر کو ملک کا سب سے بڑا شہر بنایا ۔آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قوم اسوقت دوراہے پر کھڑی ہے ،غیروں کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے مہاجر نوجوانوں کے ساتھ خواتین کو بھی میدان میں اترکو مہاجرقوم کے خلاف ہونے والی سازشوں سے آگاہ کرنا ہوگا اور گھر گھر جاکر عوام کو بتانا ہوگا کہ مہاجروں کے خلاف بننے والے ’’چنڈال چوکڑی ‘‘ کو توڑنے کیلئے پوری قوم کو لفظ مہاجر پر اکھٹے ہونا ہوگا اور باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنی بقاء کی پرامن جدوجہد کرنی ہوگی ۔