ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں تاخیر حربوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا :حاجی حبیب الرحمنٰ

ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں تاخیر حربوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا ...

پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر زکواۃ ، اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ٹال مٹول اور تاخیر ی حربوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا لہذا متعلقہ اداروں کے حکام کو چاہئے کہ وہُ سرخ فیتے کے کلچر سے کنارہ کشی کرتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کی گئی ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ضلع بونیر میں قومی تعمیر کے محکموں کے سربراہوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا اجراء ہمارا کسی پر احسان نہیں بلکہ ہم منتخب نمائندہ ہونے کی حیثیت سے انہیں اپنا حق لوٹا رہے ہیں اور انشاء اﷲ یہ حق انہیں مل کر رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی ضلع بونیر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اجراء کیا تھا اور رواں مالی سال میں بھی ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی تعمیر کے محکموں کے سربراہا ن اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے مذکورہ منصوبوں پر تیز رفتاری کے ساتھ کام کرکے انکی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ عوام ان سے مستفید ہو سکیں۔انہو ں نے کہا کہ الیکشن کے دوران ہم نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان سب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں اور آئندہ انتخابات میں عوام ہمیں خود خوش آمدید کہیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر