تخت بھائی‘ سکول کیلئے 2 کنال اراضی دینے والا کلاس فور ملازمت سے تاحال محروم

تخت بھائی‘ سکول کیلئے 2 کنال اراضی دینے والا کلاس فور ملازمت سے تاحال محروم

تخت بھائی(نامہ نگار) محکمہ تعلیم مردان کے حکام نے ملی بھگت سے سرکاری پرائمری سکول کے لیے دو کنال اراضی دینے والے مالک کو کلاس فور کی نوکری سے محروم کر دیا جس پر اراضی مالک نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر اسے اپنے جائز حق سے محروم کیا گیا تو وہ احتجاجاََ سکول کو تالے لگانے پر مجبور ہو جائے گا۔ میڈیا کلب تخت بھائی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد شریف سکنہ حبیب گل کلے گنجئی نے بتایا کہ اس نے گورنمنٹ پرائمری سکول حبیب گل کلے تخت بھائی کے لیے اپنی دو کنال قیمتی اراضی اس شرط پر محکمہ تعلیم کو دی تھی کہ اسے کلاس فور کی نوکری دی جائے جو قانونی طور پر اس کا حق ہے انہوں نے کہا کہ اراضی پر بلڈنگ تیار اور کلاسز شروع ہو چکی ہیں لیکن محکمہ پرائمری تعلیم مردان کے بعض افسران اسے اپنے حق سے محروم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مجھے اپنا قانونی مالکِ اراضی کا حق نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر اسے اپنے حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی اور جلد از جلد اسے نوکری نہیں دی گئی تو وہ احتجاجاََسکول کو تالے لگانے پر مجبور ہو کر عدالت سے رجوع کرے گا۔جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ تعلیم ضلع مردان کے اعلیٰ حکام پر ہوگی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر