پاک فوج کے سپہ سالار بنتے ہی جنرل راحیل شریف کے اثاثے کم ہوگئے کیونکہ ۔ ۔ ۔
لاہور(سعید چودھری )جنرل راحیل شریف بطورآرمی چیف سبکدوش ہونے جارہے ہیں تاہم آمی چیف بننے کے بعد کے اثاثوں میں اضافے کی بجائے کمی ہوئی تھی کیونکہ اُنہوں نے اپنا پلاٹ بھی شہداءفنڈمیں دیدیا تھا جبکہ سیلری اکاﺅنٹ کے علاوہ کسی دوسرے اکاﺅنٹ کی بھی اطلاع نہیں ۔
انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل راحیل شریف نے کوئی جائیداد نہیں بنائی بلکہ انہوں نے اپنا سب سے قیمتی رہائشی پلاٹ جس کی مالیت کروڑو ں روپے بیان کی جاتی ہے آرمی کے شہدا ءفنڈ میں دے دیاہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جنرل راحیل شریف کے سیلری اکاﺅنٹ کے سوا قابل ذکر رقم کا حامل کوئی دوسرا بینک اکاﺅنٹ بھی موجود نہیں ۔
موروثی جائیداد کے علاوہ جنرل راحیل شریف صرف اس جائیدادکے مالک ہیں جو فوجی افسروں کو ان کی خدمات کے عوض حکومت کی طرف سے دی جاتی ہے۔اس جائیداد میں سے بھی انہوں نے اپنا سب سے قیمتی اثاثہ ایک مہنگی ہاﺅسنگ سکیم میں موجودپلاٹ شہداء فنڈ کو تحفہ کے طور پرمنتقل کردیا۔یہ پلاٹ بھی لیز پر ملتاہے جہاں ریٹائرڈہونیوالا فورسٹار جنرل گھر تعمیر کرسکتاہے اور یہ عمومی طورپر 1600گز کا ہوتاہے اور جنرل راحیل شریف یہی پلاٹ عطیہ کرچکے ہیں تاہم عطیہ کیے جانیوالے پلاٹ کے رقبہ کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا۔