جرائم کا خاتمہ اور عوام کو سروسز کی باآسانی فراہمی تر جیحارت ہیں، عارف نواز
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)آ ئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ بطور سربراہ پنجاب پولیس معاشرے سے جرائم کا خاتمہ، پولیس فورس کی بہترین ویلفیئراور عوام کی سروسز ڈلیوری کی باآسانی فراہمی میری اولین ترجیحات رہیں اور ہمیشہ کوشش رہی کہ میرے قلم، میرے اختیار اور میرے رویے سے کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ الوداعی ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈ ی پی اوزکے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کا نفرنس میں سی پی او کے تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور اے آئی جیز سمیت دیگر افسران بھی موجو د تھے۔تقریب میں موجود افسران نے بطور آئی جی پنجاب خدمات کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ پاک کے کرم سے دو بار پنجاب پولیس کی سربراہی کا موقع میسر آیا اور بطور آئی جی سات ماہ کے دوران جہاں سانحہ چونیاں قصور جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا وہیں اللہ پاک کے کرم سے متعدد کامیابیاں بھی حاصل ہوئیں۔ انہوں نے بہترین ٹیم ورک اور سپورٹ مہیا کرنے پر ماتحت افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آپ سب اپنے فرائض منصبی بھرپور محنت، نیک نیتی، جذبے اور لگن کے ساتھ ادا کریں۔ تاکہ پیشہ ورانہ کیرئیر میں کامیابیوں کی نئی منازل باآسانی طے کرتے رہیں۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیشہ ورانہ معاملات میں آئی جی پنجاب نے جس طرح بہترین راہنمائی اور ہر ممکن سپورٹ فراہم کی اس پر وہ دل کی گہرائیوں سے آئی جی پنجاب کے شکر گذار ہیں اورکیپٹن (ر) عارف نواز خان ہمیشہ انکے دلوں کے آئی جی رہیں گے۔ تقریب میں موجود دیگر افسران نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس فورس کی ویلفیئر کے لیے آئی جی پنجاب کے اقدامات تمام افسران کیلئے قابل تقلید ہیں کیونکہ فورس کی تنخواہوں میں اضافے کا کیس کیپٹن (ر) عارف نواز نے بڑے مضبوط دلائل کے ساتھ پیش کیا اور حکومت سے فورس کیلئے ریلیف حاصل کیاجس پر پوری سپاہ تہہ دل سے انکی معترف ہے۔
افسران نے مزیدکہاکہ کیپٹن (ر) عارف نواز خان کے سامنے جب بھی کوئی اقدام محکمے کی بہتری کے لیے رکھا گیا تو انہوں نے من و عن اس کی اجازت دیتے ہوئے حوصلہ افزائی کی اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے ایک پرسکون ماحول میں اپنے فرائض کی ادئیگی میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔ افسران کا مزید کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے بہترین لیڈرشپ خوبیوں کی بدولت ہمیشہ دباؤ کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا اورروایتی پولیسنگ کی بجائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے نظرئیے کے تحت بروقت اقدامات کو یقینی بنایا۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے ماتحت افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میں فخر محسوس کرتا ہوں کہ مجھے ہمیشہ بہترین ساتھی اور ماتحت ملے جن کے ساتھ میں نے اپناپیشہ ورانہ سفر جاری رکھا اور معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عوامی سہولت کیلئے متعدد پراجیکٹس کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس کے ساتھ میرا ا تعلق آئندہ بھی ویسا ہی رہے گا کیونکہ تبادلے اور ترقیاں ہماری نوکری کا حصہ ہیں اور بطور سپاہی ہمیں ہمیشہ اس کے لیے تیار رہنا چاہئے۔