فرنٹ ڈیسک کے مثبت نتائج آرہے ہیں،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز

  فرنٹ ڈیسک کے مثبت نتائج آرہے ہیں،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز

  



لاہور(کر ائم رپو رٹر)ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدیدپراجیکٹس اور بروقت اصلاحات نے پنجاب پولیس کے ورکنگ نظام کو جدید خطوط پر استوار کردیا ہے جبکہ عوام کی جان ومال کے دشمن پیشہ ور مجرمان اور دہشت گرد عناصر کے خلاف زیروٹالریننس پالیسی کے تحت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی سے آئے 24سینئر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جہاں سپیشلائزڈ فورسزجیساکہ سی ٹی ڈی، ایس پی یو، ڈولفن، پیرو، ایس او یو اور اینٹی رائٹ فورس کی تشکیل سے معاشرے میں قانون کی بالا دستی، دہشت گردی اورجرائم کے خاتمے میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے وہیں ایس پی کمپلینٹس کی تعیناتی سے مقدمات کے اندراج میں تاخیر کے خاتمہ سمیت تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے تھانوں میں فرنٹ ڈیسک کے قیام کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ سمارٹ اینڈکمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق پبلک ڈیلنگ اور سٹریس مینجمنٹ کے حوالے سے فورس کے تربیتی نصاب کواپ گریڈکردیاگیاہے جبکہ عوامی سہولت کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس خدمت مراکز کا قیام عمل میں لایاگیاہے۔

جہاں پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ، کرایہ داری رجسٹریشن، سمیت ایک درجن سے زائدسہولیات ایک ہی چھت تلے میسرہورہی ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس خدمت مراکز سے رواں سال اب تک لاکھوں شہری ایک ہی چھت تلے14سروسز سے مستفید ہوچکے ہیں اور صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں خدمت کاؤنٹرز بھی بنائے گئے ہیں جس سے میڈیکل ڈاکٹ کا حصول انتہائی آسان ہوگیا ہے۔۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے پنجاب پولیس کے آپریشنل طریقہ کار اور آئی ٹی ریفارمز کے ساتھ ساتھ لا ء اینڈ آرڈر، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر بریفنگ دی،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے وفد میں شامل افسرا ن کو نیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کاروائیوں کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ پنجاب پولیس کی بہترین حکمت عملی اور بروقت کاروائیوں کی بدولت صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے شروع کئے گئے سیف سٹی پراجیکٹ سے جہاں پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے وہیں دیگر صوبوں کی پولیس فورسز نے بھی پنجاب پولیس کے ان جدید سافٹ وئیرز کواپنے سسٹم کا حصہ بنا یاہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے صوبے کے تمام تھانوں کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے جبکہ فرنٹ ڈیسک، حوالات اور ایس ایچ اوز کے کمروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ ان کیمروں کو سنٹرل پولیس آفس میں مانیٹر بھی کیا جارہا ہے۔ وفد میں شامل افسران نے پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر، سزاو جزا کے عمل سمیت آئی ٹی پراجیکٹس کے متعلق سوالات بھی پوچھے۔دورے کے اختتام پرایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور وفدکے سربرا ہ کے مابین یادگاری سووینئیرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب کیپٹن (ر) عطاء محمداور اے آئی جی آپریشنز عمران کشور بھی موجود تھے۔

مزید : علاقائی