بچوں کو مستقبل میں تعمیری سرگرمیوں کیلئے تیار کرنا ہو گا،نیلم حیات

بچوں کو مستقبل میں تعمیری سرگرمیوں کیلئے تیار کرنا ہو گا،نیلم حیات

  



لاہور (سٹی رپورٹر)صوبائی رکن اسمبلی پنجاب نیلم حیات ملک نے کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ہمیں اپنے بچوں کی مثبت تربیت کرنی چاہیئے جس سے وہ مستقبل میں ملکی تعمیر و ترقی کے لئے کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزیونیک گروپ کے ڈاکٹر نثار آڈیٹوریم میں پہلے یونیک کلرکِٹ ڈسٹری بیوشن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھا نے کے ساتھ ساتھ انہیں مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔انہو ں نے کہا کہ کامیاب معاشروں میں نوجوانوں کے اُمور پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے کیونکہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں۔نیلم حیات ملک نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ یونیک گروپ بچوں کی نصابی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دیگر سرگرمیوں میں بھی خصوصی تربیت دے رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عفیف اشرف صدیقی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو بچوں کی نصابی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کی بھی خصوصی تربیت دینی چاہیئے جس سے ان کی ذہنی اور جسمانی نشونما ہو سکے گی۔تقریب میں معروف کرکٹر عبدالحفیظ،ہاکی پلیئرریحان بٹ اور فٹ بال پلیئر ضیاء سبطین نے بھی شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1