ایل ڈی اے کا آپریشن،وفاقی کالونی کے قریب دو مارکیز مسمار

    ایل ڈی اے کا آپریشن،وفاقی کالونی کے قریب دو مارکیز مسمار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کے عملے نے کینال روڈ پر وفاقی کالونی کے قریب واقع دو مارکیز مسمار کر دیں۔بر لب نہر واقع ایسٹرن مارکی13 کنال متنازعہ جگہ پر قائم کی گئی تھی اور محکمہ اینٹی کرپشن نے ایل ڈی اے کو اس کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔کینال روڈ پر کمرشل سرگرمیوں کی اجازت نہیں۔یہ مارکی تعمیراتی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنائی گئی تھی اور اس کا نقشہ ایل ڈی اے سے منظور نہیں کروایا گیا تھا۔لاہور ایونٹ کے نام سے دوسری مارکی اڑھائی کنال اراضی پر وفاقی کالونی کے اندر غیر قانونی طور پر تعمیر کی جا رہی تھی۔دریں اثناء ٹاؤن پلاننگ ونگ کے عملے نے سبزہ زار، سمن آباد، ملتان روڈ اور کنٹرولڈ ایریا میں کارروائی کر کے متعددتعمیرات مسمار اور تین عمارتیں سربمہر کر دیں۔سکیم موڑ ملتان روڈ پر غیر قانونی کمرشل تعمیر مسمار کر دی۔ اعوان ٹاؤن کے قریب غیر قانونی اضافے اور تبدیلی کی وجہ سے عمارت سربمہر کر دی۔ ملتان روڈ پر غیر قانونی شیڈز مسمار کر دیئے اورعمارت سربمہر کر دی۔ غیر قانونی اضافے اور تبدیلی کی وجہ سے پلاٹ نمبر50بلاک جی سبزہ زارسکیم پر قائم عمارت سربمہر کردی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1