ایل ڈی اے ملازمین کو یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کیلئے الاؤنس دینے کا فیصلہ

ایل ڈی اے ملازمین کو یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کیلئے الاؤنس دینے کا فیصلہ

  



لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کابارہواں اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت دوسرے دن بھی منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے شرکاء کو بریفنگ دی اجلاس میں ایل ڈی اے اور کسی دوسرے ادارے کے اشتراک عمل جوائنٹ وینچر کی بنیاد پر منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں ٹرانسفر اینڈ مینجمنٹ آف پراپرٹیز ایکٹ 2014ء کے تحت رولز کے مسودے کی بھی توثیق کی گئی اور اسے حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کو ارسال کرنے کافیصلہ کیا گیا۔ ٹیپا کے ملازمین کو یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کے لئے ایل ڈی اے یوڈی ونگ کے ملازمین کی طرز پر سپورٹ الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ٹیپا میں ملازمین کی گریڈ18میں ترقی کامعاملہ مزید وضاحت کے لئے اتھارٹی کی ہیومن ریسورس کمیٹی کے سپرد کر کے اسے سنٹرلائزڈ اور یونیفارم پرموشن پالیسی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں بجٹ میں مہیا کی جانے والی فہرست کے علاوہ ایل ڈی اے کی دیگر جائیدادوں کو نیلام کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی تاہم ان سے حاصل ہونے والی رقم خرچ کرنے کے لئے منصوبوں کا تعین ڈائریکٹر جنرل کی سفارش پر اتھارٹی کرے گی۔ ایل ڈی اے کی مارکی سائیٹس جن کے حقوق کرایہ داری کی مدت ختم ہو چکی ہے انہیں دوبارہ نیلام عام کے ذریعے کرائے پر دینے کافیصلہ کیا گیا۔اس کے علاوہ جوہرٹاؤن‘مصطفی ٹاؤن اور جوبلی ٹاؤن میں واقع ایل ڈی اے کے کمرشل پلاٹوں پر آٹھ نئی مارکی سائٹس قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں لاہور میں ٹریفک کی روانی کے لئے چار میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شروع کرنے اور تفریحی پارک کے قیام کے لئے فزیبلٹی سٹڈی کروانے اوران کی لاگت کا تخمینہ تیار کروانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ان منصوبوں میں شاہدرہ چوک‘شیرانوالہ گیٹ سے ریلوے سٹیشن‘فردوس مارکیٹ گلبرگ اور کیمپس پل سے برکت مارکیٹ تک ٹریفک کا بہاؤ بہترکرنے اور انٹر ٹینمنٹ پارک کا قیام شامل ہیں۔ایم ڈی واسا کی طر ف سے گلبرگ‘فیصل ٹاؤن‘گارڈن ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں بڑے ترقیاتی منصوبے اور فیروزپورروڈ اور لاہور برانچ کینال کے دونوں طرف سیوریج سسٹم کی بہتری کے منصوبے شروع کرنے کی ضرورت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایل ڈی اے اورا س کی ذیلی ایجنسیوں میں گریڈ ایک سے 15تک تمام بھرتیاں این ٹی ایس، پی ٹی ایس یا پنجاب جاب پورٹل کے ذریعے کرنے اور گریڈ16اور اس سے اوپر تمام بھرتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کرنے کااصولی فیصلہ کیا گیا۔گورننگ باڈی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا‘ قصور سے ملک مختار احمد‘میجر ریٹائرڈ سید برہان علی اورایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اور ہاؤ سنگ، بلدیات فنانس،پی اینڈ ڈی اور کمشنر لاہورکے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1