عمران خان نے پاکستانیوں کے ساتھ سکھوں کے دل بھی جیت لئے،اعجاز عالم

  عمران خان نے پاکستانیوں کے ساتھ سکھوں کے دل بھی جیت لئے،اعجاز عالم

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سردار مہندر پال سنگھ کی سربراہی میں سکھ رہنماؤں کے وفد نے نیو منسٹر بلاک میں ملاقات کی۔ سکھ رہنماؤں نے عمران خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ تاریخی اقدامات کی بدولت عمران خان نے بلا شبہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت کی سکھ برادری کے دل بھی جیت لئے ہیں، انہوں نے ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک یونیورسٹی منصوبے کے حوالے سے بھی اقدامات کو بے حد سراہا۔صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے بابا گرو نانک یونیورسٹی پراجیکٹ کے حوالے سے سکھ رہنماؤں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے ایک بہترین تعلیمی ادارہ ثابت ہوگا اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ تعلیم ہی قوموں کی کامیابی کا ثبوت ہے

۔ سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی منصوبہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک تاریخی اقدام ہے اور امید ہے کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی خطے کی بہترین تعلیمی درسگاہ کہلائے گی۔ سکھ رہنماؤں نے امن کے سفر میں پی ٹی آئی کے مثبت کردار کو تسلیم کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ وزیر اعظم عمران خان اور عثمان بزدار کے مشکور رہیں گے۔مہندر پال سنگھ نے سکھ برادری کیجانب سے ناروے میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی توہین کرنے کے اقدام کی مذمت کی اور کہاکہ پوری سکھ برادری اسطرح کے قابل افسوس واقعات کی روک تھام کیلئے اپنے مسلمان بھائیوں کے سنگ کھڑی ہے اور ناروے کی حکومت سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ اسطرح کے گھناؤنے اقدامات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے فوری پابندی لگائی جائے کہ کسی بھی مذہب کیخلاف ایسا اقدام نہ اٹھایا جا سکے تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1