انگلینڈ کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20سیریز کیلئے قومی ویمن ٹیم کا اعلان

    انگلینڈ کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20سیریز کیلئے قومی ویمن ٹیم کا اعلان

  



لاہور (اے پی پی) قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے 15، 15 رکنی سکواڈ زکا اعلان کر دیا۔ عروج ممتاز کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈز میں 4،4 تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ کائنات حفیظ اور آف سپنر رامین شمیم کو پہلی بار قومی ایک روزہ خواتین کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ندا ڈار اور انعم امین کی بھی ون ڈے سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ چاروں کھلاڑیوں کو ارم جاوید، کائنات امتیاز، سعدیہ اقبال اور ثناء میر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز میں ڈیبیو کرنے والی 15 سالہ سپنر عروب شاہ کو پہلی بار قومی خواتین ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر ندا ڈارکی بھی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ فاطمہ ثناء اور رامین شمیم کو بھی ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز 9 سے 20 دسمبر تک ملائیشیا میں کھیلی جائے گی۔ تمام میچز کنرارا اوول، کوالالمپور میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل 3 ایک روزہ میچز آئی سی سی ویمنز چیمپن شپ کا حصہ ہیں۔ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں اب تک 15 میچز میں سے پاکستان 7 میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ1 میچ برابر کھیلا جبکہ 7 میچوں میں قومی خواتین ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سلیکشن کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ ون ڈے سکواڈ کے مطابق بسمعہ معروف ٹیم کی کپتان ہونگی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انعم امین، عروب شاہ، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، جویریہ خان، کائنات حفیظ، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں بھی بسمعہ معروف ٹیم (کپتان) ہونگی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انعم امین، عروب شاہ، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید، جویریہ خان، ناہیدہ خان، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، سعدیہ اقبال اور سدرہ نواز شامل ہیں۔ ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 9 دسمبر، دوسرا 12 دسمبر جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 17دسمبر، دوسرا 19 دسمبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 20 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی