قومی انڈر 16 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل

قومی انڈر 16 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر)اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان کھیلا گیا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا۔ 258 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنزبنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ محمد عمار نے 105 گیندوں پر 20 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنزبناکر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ عباس علی نے 101 رنزبنائے جبکہ حسیب خان 54 رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پہلی اننگز میں سدرن پنجاب کی ٹیم خیبرپختونخوا کے 161 رنز کے جواب میں 151 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔دوسری جانب شالیمار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے تین روزہ میچ میں سنٹرل پنجاب اور ناردرن کے درمیان میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ میچ کے آخری روز سنٹرل پنجاب کی انڈر 16 ٹیم کو جیت کے لیے155 رنز کا ہدف ملا تاہم وہ کھیل کے اختتام پربغیر کسی نقصان پر محض 18 رنز ہی بناسکی۔ اس سے قبل ناردرن کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 101 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

سنٹرل پنجاب کے اسپنرز ارحم نواب اور علی اسفند نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں۔

ارحم نواب نے پہلی اننگز میں بھی 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم ناردرن کے 251 رنزکے جواب میں 198 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی