پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دینگے، ڈیوڈ وارنر
ایڈیلیڈ (اے پی پی) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ مہمان ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور دوسرے میچ میں بھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔ اپنے ایک بیان میں ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 154 رنز کی اننگز کھیلنے پر بہت خوش ہیں اور پرجوش ہیں کے وہ گرین شرٹس کے خلاف دوسرے میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کلین سویپ کرنا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کریں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 29 نومبر کو ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا۔