پاکستان رومانیہ کیساتھ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے: اسدقیصر

پاکستان رومانیہ کیساتھ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے: اسدقیصر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور رومانیہ کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے پارلیمانی و تجارتی تعاون کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار رومانیہ کے سفیر مسٹر نکولائی گیو وا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر سے ملاقات کی۔اسپیکر نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین قریبی رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی اراکین پارلیمنٹ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رومانیہ کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاک۔ رومانیہ فرینڈ شپ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ جو دونوں ممالک کی پارلیمان کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ پارلیمان ترقی پسند سیاسی قوتوں پر مشتمل ہے اور قومی اہمیت کے حامل ایشوز پر یکساں مؤقف رکھتی ہے۔اسد قیصر نے یورپی یونین میں جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حصول میں رومانیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ رومانیہ یورپی یونین کا ایک اہم ملک ہے اور یورپی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں اہم کردار اہمیت کا حامل ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، صنعت، ٹکسٹائل، زرعت، انفراسٹرکچر اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جس سے رومانیہ کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا پیش آنے والاواقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوس ناک کرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے واقعات مختلف مذاہب کی ماننے والوں کے درمیان نفرت اور تلخیوں کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے مذہبی منافرت پھیلانے والے واقعات کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر ایک جامع لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس سے پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کے نئی راہیں کھلیں گی، پاکستان سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل چاہتا ہے۔رومانیہ کے سفیرنے کہا کہ رومانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اور ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ دونوں ممالک مابین تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں۔
اسد قیصر