محبت رسول ؐکا تقاضا ہے کہ انکی تعلیمات پر عمل کیا جائے ٗحافظ نعیم الرحمن

محبت رسول ؐکا تقاضا ہے کہ انکی تعلیمات پر عمل کیا جائے ٗحافظ نعیم الرحمن

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ محبت رسول ؐکا تقاضا ہے کہ نبی کریم ؐکی تعلیمات پر عمل کیا جائے، نبی پاک ؐکی آمد سے نہ صرف کائنات مکمل ہوئی بلکہ قافلہ نبوت بھی اختتام پذیر ہوگیا،اگر ہم نے نبی ؐکی تعلیمات کو مشعل راہ نہ بنایا تو ذلت و رسوائی ہمارا مقدر ہوگی، آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری اور آپؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔ تمام ریاستی اداروں کو سیرت رسول کریم کی روشنی میں کام کرنا چاہئے، آپ ؐکی سنت پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ نبی ؐنے اسلامی ریاست میں روحانی ماحول قائم کرنے کے ساتھ معاشی، سماجی و سیاسی استحکام بھی پیدا کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت ”جلسہ سیرت النبیؐ“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر ضلع شمالی محمد یوسف و دیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ اسلام زندگی کی ترجیحات کا تعین کرنے والا دین ہے۔ نبوت ملنے کے بعد حضور اکرم ؐنے 23سال کی مدت میں حالات و واقعات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی ترجیحات متعین کیں اور اس کے مطابق پورے معاشرے میں اسلام کی تعلیمات پھیلائی،سیرت کا اہم ترین پہلو بھی یہی ہے کہ جن چیزوں کی دین میں جتنی اہمیت ہے اس کی اہمیت میں کمی بیشی نہ کی جائے،زیادہ اہم چیزوں کو چھوڑ کر چھوٹی چیزوں پر زیادہ تو جہ دی جائے تو اس پراختلافات پیدا ہوں گے،دوسروں کو اسلام کے دائرے سے نکال دیا جائے ایک دوسرے کو گمراہ اور مشرک قرار دے دیا جائے تو اس سے سب سے زیادہ خوشی ان لوگوں کو ہوگی جو حضور کی ذات گرامی پر حملے کرتے ہیں۔ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ محبت ِرسول ؐمیں ہم اس طرح ہوں کے تمام انسانوں میں سب سے زیادہ آپ ؐسے محبت کریں۔آپ ؐکی شفاعت بھی اگر چاہیے تو ان کے راستے پر چلنا پڑے گا،ان کے مشن کو اپنا مشن بنانا ہوگا، ان کی زندگی کے تمام پہلوؤں کو اپنی زندگی پر حاوی کرنے کی کوشش کرنی پڑے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر