عمدہ کارکردگی پر عملے کو نقد انعامات دئیے جائیں گے، مکیش کمار

عمدہ کارکردگی پر عملے کو نقد انعامات دئیے جائیں گے، مکیش کمار

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) منشیات کی بھاری مقدار کا پتہ لگانے پر متعلقہ عملہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا جائے گا جبکہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ بدھ کو یہاں صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ کی زیرصدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔ سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مکیش کمار چالہ نے افسران کو متنبہ کیا کہ اگر وہ منشیات کا پتہ لگانے میں بہتر نتائج ظاہر نہیں کرسکتے ہیں تو ممکن ہے کہ منشیات کا کنٹرول اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف)کو منتقل کردیا جائے۔ انہوں نے محکمہ کے خلاف شکایات کو مناسب طریقے سے نمٹنے اور حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے قواعد و ضوابط کے مطابق معذور کوٹے پر تقرری کرنے کا کہا اور کہا کہ وہ اس ضمن میں کسی قسم کی بدعنوانی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا، 'تمام افسران اور اہلکار موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور ٹیکسوں کی بہترین وصولی کو یقینی بنائیں '۔ مکیش کمار چالہ نے آئندہ ماہ میں ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس وصولی کے لئے ایک بھرپور روڈ چیکنگ مہم شروع کرنے کو بھی کہا۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے کہا کہ محکمہ اچھے افسران کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور امید کرتا ہے کہ افسران اور عملے کے اراکین مزید محنت کرکے محکمہ ایکسائز کا نام روشن کریں گے

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر